باڈی شیمنگ: ’آپ کا قد چھوٹا ہے، آپ کچھ نہیں کر سکتے‘


‘لوگ چھیڑتے ہیں اور فقرے کستے ہیں کہ دیکھو بونا جا رہا ہے، مذاق اڑاتے ہیں لیکن میں ان کی باتوں پر توجہ نہیں دیتا کہ بول رہے ہیں تو بولنے دو کوئی بات نہیں۔’

35 سالہ فیصل پراچہ کے لیے یہ باتیں سننا روزانہ کا معمول ہے اور اس کی وجہ ان کا چار فٹ کا قد ہے۔

پست قامت والے افراد کو پاکستانی معاشرے میں اکثر و بیشتر ’باڈی شیمنگ‘ کا سامنا رہتا ہے یعنی ان کی جسمانی ساخت کی وجہ سے انھیں شرمندہ کیا جاتا ہے۔

یہ قد فیصل کے لیے جہاں لوگوں کے مذاق کا نشانہ بننے کا باعث بنتا ہے وہیں متعصبانہ عوامی رویے کی وجہ سے ان جیسے افراد نہ صرف حصولِ روزگار بلکہ روزمرہ کے کاموں میں بھی مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔

باڈی شیمنگ سیریز کی مزید کہانیاں پڑھیے

’چھوٹا قد ہو یا موٹا جسم ہر کمی آپ کی طاقت بن سکتی ہے‘

پلس سائز فیشن: ’پاکستان میں میرا ناپ نہیں ملتا‘

فیصل کا کہنا تھا کہ ’لوگ سیٹ پر بیٹھنے کی جگہ نہیں دیتے اور قد کی وجہ سے بس میں سفر کے دوران چھت پر لگے ہینڈل پکڑنے میں الگ دشواری ہوتی ہے‘۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انھوں نے برقی اشیا کی مرمت کا کام سیکھا لیکن روزگار کی تلاش کے دوران ان کا قد آڑے آتا رہا۔

‘چھوٹے قد کی وجہ سے مسائل ہوتے تھے۔ جہاں جاتا تھا تو لوگ کہتے تھے کہ آپ کا قد چھوٹا ہے اور آپ کچھ نہیں کر سکتے۔ کسی کمپنی میں جاؤ تو کہتے تھے کہ بھئی آپ کچھ نہیں کر سکتے۔’

حکومتِ سندھ کے محکمہ ڈفرینٹلی ایبل پرسنز اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے پاس ان افراد سے متعلق کوئی ڈیٹا نہیں البتہ کراچی میں چند سال پہلے کامران احمد خان نے ایک غیر سرکاری ادارے ‘لٹل پیپل آف پاکستان’ کی بنیاد رکھی تھی اور ان کا اندازہ ہے کہ کراچی میں یہ تعداد دس ہزار جبکہ ملک بھرمیں کُل 50 سے 60 ہزار ہے۔

فیصل پراچہ

فیصل پراچہ نے برقی اشیا کی مرمت کا کام سیکھا لیکن روزگار کی تلاش کے دوران ان کا قد آڑے آتا رہا

کامران احمد خان خود ایک پست قد نوجوان ہیں۔ وہ تعلیم یافتہ ہیں لیکن اُنھیں بھی ناخوشگوار تجربات کا سامنا رہا: ‘لوگ ہمیں تکلیف دہ ناموں سے پکارتے ہیں جیسے کہ چھوٹے ، کوڈو اور بونا۔’

یہ بھی پڑھیے!

جسم کی ساخت کا مذاق اڑانے والے اشتہار پر احتجاج

کیا آپ بھی اپنے بچے کا موٹاپا چھپاتے ہیں؟

علیحدہ جم سے زیادہ خواتین ورزش پر مائل ہو رہی ہیں

انھوں نے عوام سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ’ اگر یہ افراد کسی بھی کام کے لیے ہمت کر کے گھروں سے نکل رہے ہیں تو برائے مہربانی ان کا مذاق نہ اڑائیں۔ ان کا مورال ڈاؤن ہو جائے تو یہ باہر ہی نہیں نکلتے۔’

انھوں نے شکوہ کیا کہ میڈیا میں بھی ان کے مسائل اجاگر نہیں کیے جاتے۔ ’بس تفریحی پروگراموں میں جوکر کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔’

پاکستانی آئین کے تحت چار فِٹ دس انچ سے چھوٹے تمام بالغ افراد کو معذور شمار کیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ ایک سرٹیفیکٹ بھی جاری کیا جاتا ہے جبکہ ایسے افراد کے قومی شناختی کارڈ پر معذور افراد کے لیے مخصوص نشان بھی موجود ہوتا ہے۔

جامعۂ کراچی کے شعبۂ سماجیات کے طالب علم سلطان صلاح الدین نے ‘کراچی کے پستہ قد افراد کے سماجی مسائل’ پر اپنا تحقیقی مقالہ لکھا ہے۔

فیصل پراچہ

پستہ قد افراد روزمرہ کے کاموں میں بھی مشکلات کا سامنا کرتے ہیں

سلطان نے بتایا ‘پست قامت والے افراد مذاق اڑائے جانے کے ڈر سے گھروں سے تعلیم اور نوکری کےلیے نکلنے سے ڈرتے ہیں۔ اگر مجبورا باہر آنا بھی پڑے تو اُنھیں عام ملازمتیں بھی نہیں ملتیں’۔

ذہنی دباؤ سے موٹاپا کیوں ہوتا ہے؟

موٹوں پر تنقید کی ویڈیو کے بعد ‘یوٹیوب ہنگامہ’

کچن میں کہیں پیسے ملتے ہیں اور کہیں پیار

ان کے مطابق تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ ’ایسے افراد اگر پڑھے لکھے بھی ہوں تو عام لوگوں کے مقابلے ان افراد کو اپنے قد کی وجہ سے کوئی بہتر ملازمت ملنا مشکل ہوتی ہے۔ یہی معاشی تنگی ان کی نجی زندگی کو بھی متاثر کرتی ہے اور وہ گھروں میں بوجھ بن کر رہ جاتے ہیں اور شادیاں نہیں کر پاتے۔’

سلطان کی تحقیق کے بعد محکمۂ سوشل ورک کی چیئرپرسن ڈاکٹر نسرین اسلم نے انتظامیہ کےساتھ مل کر پست قامت افراد کو یونیورسٹی کے اندر ٹک شاپس کھلوا کر دینے کا بیٹرا اٹھایا۔

فیصل پراچہ بھی اب ایسی ہی ٹک شاپ چلاتے ہیں۔ اب وہ شادی کے خواہش مند ہیں لیکن اپنی آمدنی کا سوچ کر اس خیال کو جھٹک دیتے ہیں۔

‘عمر تو بڑھ ہی رہی ہے، گھٹ تو نہیں رہی آہستہ آہستہ لیکن ناشتہ پانی، آنا جانا، دُکھ بیماری سب لگا ہے۔ روزانہ 300 روپے کہاں پتا چلتے ہیں۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp