شدید موسم سے جان کو خطرہ اور فصل تباہ


گذشتہ تین دنوں میں مغرب سے آنے والے موسمی سلسلے کے باعث پاکستان کے مختلف حصوں میں شدید جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے مطابق طوفانی بارشوں اور آندھیوں سے منگل تک ملک بھر میں کم از کم 39 لوگ ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ 135 زخمی ہیں اور 80 گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

پیر کے روز کراچی میں تیز ہواؤں سے شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے، اشتہاری بورڈ، درخت اور عمارتوں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے پانچ ہلاکتیں ہوئی تھیں اور 36 افراد زخمی تھے، جبکہ مچھیروں کی ایک کشتی ابھی تک لاپتہ ہے۔

اسی طرح شمالی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بیشتر حصوں میں بارش، آندھی، بحلی کی گرج اور ژالہ باری سے مختلف حادثات میں ہلاکتیں ہوئیں۔ اس کے ساتھ کشمیر اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈ سے نقصانات ہوئے اور کئی سڑکیں بھی بند رہیں۔

یہ بھی پڑھیے

’انتہائی خشک موسم میں زہریلے ذرات تحلیل نہیں ہو سکے‘

پاکستانی کینو پر موسم کے اثرات

ایران میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری

لینڈ سلائیڈ

کشمیر اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈ سے نقصانات ہوئے اور کئی سڑکیں بھی بند رہیں

لیکن ایسے موسم سے جانی نقصان کے علاوہ فصلوں پر بھی تباہ کن اثرات پڑے ہیں۔ پنجاب کے صوبائی محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق ابھی نقصان کا مکمل تخمینہ لگانے میں چند دن لگیں گے تاکہ ان کے اہلکار ہر گاؤں جا کر صورت حال دیکھ سکیں۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے چکوال کے صحافی نبیل ڈھکو نے کہا کہ ربیع کی فصلوں میں سب سے اہم، چنے اور مسور سمیت، گندم کی ہے۔ ’سردیوں کے موسم میں جب یہ فصلیں پک رہی ہوں تو بارشوں کا بہت فائدہ ہوتا ہے اور اس سال ہم اچھی کٹائی کی امید کر رہے تھے۔ لیکن جب یہ کٹائی کے لیے تیار ہوں تو ان کو صرف دھوپ کی ضرورت ہے۔‘

نبیل کے مطابق چکوال کے کچھ علاقوں میں ژالہ باری سے پوری یونین کونسل کی 80 فیصد فصل ختم ہو چکی ہے۔

’بارش جاری رہنے کی وجہ سے اس وقت یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ ملک بھر میں نقصان کا پیمانہ کیا ہے، لیکن فی الحال آنے والی خبروں کے مطابق سندھ اور پنجاب کے بہت علاقوں میں کئی کسانوں کی گندم مکمل طور ہر تباہ ہو چکی ہے۔‘

https://twitter.com/norbalm/status/1117691405705666560

ان کا کہنا ہے کہ اگر کسانوں کو وقتی طور پر اطلاع مل جاتی تو وہ گندم کو وقت سے پہلے کوٹ کر اپنی پیداوار بچا سکتے تھے، لیکن بعض لوگوں کی فصل کٹنے کے بعد بھی کھیت میں پڑے بارش اور اولوں سے ختم ہو گئی۔

دوسری جانب بی بی سی سے بات کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے سربراہ محمد حنیف کے مطابق ان کے محکمے نے وقتی طور پر تمام حکومتی اداروں کو اطلاع پہنچا دی تھی، لیکن پھر بھی نقصان بہت زیادہ ہوا ہے۔

محمد حنیف کے مطابق یہ موسمی سلسلہ یورپ سے بحریۂ روم اور مشرقِ وسطیٰ کے راستے پاکستان تک پہنچا ہے۔ ’گذشتہ ہفتے میں ایران میں ہونے والی بارشیں اور سیلاب بھی اسی سلسلے کا حصہ تھے۔ پاکستان کے مغربی اور جنوبی علاقوں پر اس طوفانی موسم کا بہت اثر پڑا ہے اور خاص طور پر بلوچستان میں جان اور مال کا بہت نقصان ہوا ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ سال کے اس وقت کے حساب سے ایسا موسم غیر معمولی ہے، لیکن شمالی کرہ کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی پڑنے کا نتیجہ ہے۔ حنیف کہتے ہیں کہ موسم کی شدت 50 سے 60 فیصد کم ہو چکی ہے لیکن یہ سلسلہ ملک کے وسطی اور شمالی علاقوں میں بدھ کی رات تک برقرار رہے گا۔

12 اپریل کو خیبر پختونخوا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے نے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس میں انھوں نے انتباہ کیا تھا کہ ہفتے اور بدھ کے درمیان پورا ملک اس موسم کی لپیٹ میں رہے گا، جو کہ پیر تک اپنے عروج پر پہنچے گا۔ پی ڈی ایم اے نے ہزارہ اور ملاکنڈ ڈیوژن میں خصوصاً کسانوں اور سیاحوں کو بارش، بجلی، آندھی اور ژالہ باری سے بچنے کی اطلاعات دیں تھی۔

موسمی ویب سائیٹ ’ایکیو ویدر‘ کے مطابق اس موسم میں سب سے بڑا خدشہ گرد آلود آندھیوں کا ہوتا ہے، جس سے حدِ نگاہ انتہائی کم ہو جاتی ہے۔ اس کے ساتھ 100 کلومیٹر فی گھنٹے پر چلنے والی ہوائیں اور ایک گھنٹے کے اندر دو انچ کی بارش لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیتی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ بدھ کو پاکستان سے خارج ہونے پر اس کا داخلہ انڈیا میں ہو گا اور جمعرات تک ملک کے مشرق تک پہنچ کر یہ ڈھلنا شروع ہو جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp