ایرانی باکسر صدف کا ملک واپس نہ جانے کا فیصلہ


ایران

صدف خادم کی تربیت سابق ایرانی نژاد ایرانی باکسر ماہیار مونسی پور نے کی ہے

ایک ایرانی باکسر جنھوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک کی جانب سے میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے کا کہنا ہے کہ وہ واپس گھر نہیں جائیں گی۔ وہ کہتی ہیں کہ ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔

صدف خادم نے فرانسیسی باکسر اینی چاؤن کو سنیچر کو ہونے والے مقابلے میں شکست دی۔

اس ہفتے انھوں نے اپنے ایرانی نژاد فرانسیسی ٹرینر کے ہمراہ تہران جانے کا فیصلہ کیا تھا۔

کھیلوں سے متعلق ایک اخبار نے صدف کے حوالے سےلکھا ہے کہ ان کا خیال ہے کہ انھوں نے ایران میں عورتوں کے لباس کی شرائط کی خلاف ورزی کی ہے۔

ایرانی حکام نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم باکسنگ فیڈریشن کے سربراہ کی جانب سے اس امکان کو مسترد کیا گیا ہے کہ صدف کی گھر واپسی پر انھیں گرفتار کر لیا جائے گا۔

ایرانی خبر رساں ادارے نے باکسنگ تنظیم کے سربراہ حسین سُوری کے حوالے سے لکھا کہ ان کے مطابق صدف ایران کی باکسنگ تنظیم کی رکن نہیں ہیں اور اس کی وجہ سے باکسنگ فیڈریشن کی نظر میں ان کےا اقدامات ذاتی ہیں۔

مزید پڑھیے

ایران: نوجوان لڑکی کی گرفتاری پر ’رقص کرنا کوئی جرم نہیں‘ مہم

ایرانی خواتین: اسلامی انقلاب سے پہلے اور بعد

سنگساری کے بارے میں تحریر پر ایرانی مصنفہ کو چھ برس قید

مغربی فرانس کے دیہی علاقے رویان میں کھیلے جانے والے میچ میں صدف نے ایرانی جھنڈے میں موجود رنگوں کے کپڑے پہن رکھے تھے۔ انھوں نے سبز شرٹ، سرخ شارٹس اور کمر کے گرد سفید پٹی باندھ رکھی تھی۔

ان کی عمر 24 برس ہے اور اور انھیں مقابلے کے لیے بیرون ملک جانا تھا۔ اگرچہ ایران میں کھیلوں سے متعلق ادارہ موجود ہے لیکن خواتین کے کھیل کے لیے اس کی شرائط کو پورا کرنا بہت مشکل ہوتا ہے جس میں یہ شامل ہے کہ مقابلے میں ریفری اور جج بھی عورت ہی ہو۔

صدف

سنیچر کو ہونے والے میچ میں صدف نے فرانسیسی باکسر کو شکست دی

مقابلہ جیتنے کے بعد صدف کو امید تھی کہ ملک میں واپسی پر ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ تاہم پیرس کے ہوائی اڈے ہر انھیں پتہ چلا کہ ان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں۔

صدف خادم کی تربیت سابق ایرانی نژاد ایرانی باکسر ماہیار مونسی پور نے کی ہے اور وہ بھی ایران جانے کے لیے ان کے ہمراہ موجود تھے۔

فرانسیسی اخبار کو انٹرویو میں صدف نے کہا کہ ’میں ایک ایسا میچ کھیل رہی تھی جس کی قانونی طور پر اجازت دی گئی تھی لیکن میں نے ٹی شرٹ اور شارٹس پہن رکھی تھی جو پوری دنیا کی نظر میں تو ایک عام سی بات ہے لیکن میرے ملک کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔‘

’میں نے حجاب نہیں لیا تھا اور میرا نگران کوچ ایک مرد تھا اس کی وجہ سے میں کچھ لوگوں کی نظر میں ناپسندیدہ ہوں۔‘

پیرس میں ایرانی سفارتخانے کے ترجمان نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے گفتگو میں بتایا کہ وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے کہ صدف کو واپس لوٹنے پر گرفتار کر لیا جائے گا اور نہ ہی وہ ان کے ایران واپس نہ جانے کے فیصلے پر کچھ کہہ سکتے ہیں۔

خئال رہے کہ ایران کے قانون کے مطابق خواتین اور نو سال سے زیادہ عمر کی لڑکیاں اگر گھر سے باہر سکارف کے بغیر نکلیں تو انھیں دس دن سے دو ماہ کی قید کی سزا یا رقم بطورجرمانہ ادا کرنی ہو تی ہے۔

اسی طرح کھیل میں شامل خواتین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے بال، گردن، بازو اور ٹانگیں چھپائیں۔

رواں برس فروری میں انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کی امیچور باکسنگ گورننگ باڈی نے کھیل کے لیے لباس کے قوانین میں ردو بدل کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32506 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp