کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان آج ہو گا


پاکستانی کرکٹ ٹیم

انگلینڈ اور ویلز میں رواں ماہ 30 مئی سے شروع ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ کے لیے پاکستان کی 15 رکنی کرکٹ ٹیم کا اعلان آج کیا جائے گا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرینٹ برج میں کھیلے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کے عالمی کپ کی ٹیم میں شمولیت کے لیے تمام ممکنہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیے ہیں۔

بورڈ نے فٹنس ٹیسٹ میں شرکت کے لیے 23 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا تھا، جن میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں حصہ لینے والی ٹیم کے علاوہ وہ چھ کھلاڑی بھی تھے جنھیں آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں آرام کرایا گیا۔

ان کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، فخر زمان، بابراعظم، شاداب خان، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل تھے۔ ان کے علاوہ محمد نواز اور آصف علی کو بھی فٹنس ٹیسٹ کے لیے بلایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم میں کون جگہ بنا پائے گا

آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کر دیا

’یہ ٹیم پاکستان کے لیے نہیں کھیل رہی‘

پاکستان کرکٹ ٹیم بمقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ

اگرچہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے باضابطہ طور پر فٹنس ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان نہیں کیا تاہم پاکستان ذرائع ابلاغ میں کھلاڑیوں کی فٹنس خصوصاً لیفٹ آرم سپنر عماد وسیم اور اوپنر عابد علی کے بارے میں متضاد خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔

محمد عامر

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق نے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ جو مشاورت کی اس میں فاسٹ بولر محمد عامر کی حالیہ غیر متاثرکن کارکردگی سب سے زیادہ موضوع بحث رہی۔

یاد رہے کہ محمد عامر نے دو سال قبل چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں میچ وننگ کارکردگی کے بعد سے اب تک 14 ون ڈے میچوں میں صرف پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں جن میں سے نو میچ ایسے ہیں جن میں انھیں ایک بھی وکٹ نہیں مل سکی ہے۔

دوسری جانب مکی آرتھر محمد عامر کی سلیکشن کے حق میں ہیں جس کا اظہار وہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے موقع پر پریس کانفرنس میں بھی کر چکے ہیں کہ محمد عامر بڑے میچ کے بڑے کھلاڑی ہیں۔

سلیکشن کمیٹی نے یہ فیصلہ بھی کر رکھا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف ایک ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے لیے دو اضافی کرکٹرز کا انتخاب بھی عمل میں آئے گا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم 23 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہو گی جہاں وہ کینٹ، نارتھمپٹن شائر اور لیسٹر شائر کے خلاف وارم اپ میچ کھیلنے کے بعد انگلینڈ کے خلاف پانچ مئی کو کارڈف میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز آٹھ سے 19 مئی تک کھیلی جائے گی۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ سے قبل دو وارم اپ میچ بھی کھیلے گی جو 24 مئی کو افغانستان کے خلاف برسٹل اور 26 مئی کو بنگلہ دیش کے خلاف کارڈف میں ہوں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp