ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان


کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء اور دورہ انگلینڈ کے لئے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ محمد عامر ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے، تاہم اُنہیں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لئے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران اسکواڈ کا اعلان کیا۔

انضمام الحق کا کہنا ہے کہ 15 کھلاڑی ورلڈ کپ کے لئے منتخب کیے گئے ہیں، جبکہ دو اضافی کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لئے رکھے گئے۔ اُن کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں 22 مئی تک تبدیلی کی جا سکتی ہے۔

محمد عامر کے بارے میں انضام کا کہنا تھا کہ حالیہ میچز میں اُن کی کارکردگی اچھی نہیں رہی لیکن پھر بھی ہم نے اُسے موقع دیا ہے کہ وہ پرفارمنس ثابت کریں، امید ہے وہ فارم میں واپس آ جائے گا۔ انضمام الحق نے تسلیم کیا کہ عماد وسیم کو کسی حد تک فیور دیا گیا ہے، وہ فٹنس ٹیسٹ کلیئر نہیں کرسکے تھے۔

ورلڈ کپ کے لئے 15 رکنی اسکواڈ میں سرفراز احمد (کپتان)، فخرزمان، امام الحق، عابد علی، بابراعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، جنید خان، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، فہیم اشرف اور محمد حسنین شامل ہیں۔

محمد عامر اور آصف علی کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لئے 17 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ 30 مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا، پاکستان اپنا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).