دوحہ میں ہونے والی بین الافغان کانفرنس منسوخ


افغان طالبان

قیام امن کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد اور افغان طالبان کے ایک بانی رہنما ملا عبدالغنی برادر کی قطر میں پہلی ملاقات ہوئی تھی

کابل میں افغان صدارتی محل سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ 20 اور 21 اپریل کو قطر کے شہر دوحہ میں ہونے والی بین الافغانی کانفرنس قطر حکومت کی جانب سے منسوخ کردی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر حکومت کی جانب سے کانفرنس کے شرکا کے بارے میں افغان حکومتی فہرست کے علاوہ کوئی اور فہرست بھیجی گئی تھی، جو اُنھیں قابل قبول نہیں۔

یہ بھی پڑھیے!

افغان حکومت، طالبان مذاکرات دوحہ میں ہوں گے: خلیل زاد

’زلمے خلیل زاد کا افغان امن مشن مشکل ہوتا جا رہا ہے‘

طالبان افغانستان میں جہاں چاہیں دفتر کھولیں: اشرف غنی

طالبان سے مذاکرات کے لیے کمیشن کا اعلان

’طالبان کے ساتھ جولائی سے پہلے معاہدہ کرنا چاہتے ہیں‘

طالبان کے ساتھ امن معاہدے کے مسودے پر ’اتفاق‘

زلمے خلیل زاد کے دورے کے موقع پر طالبان رہنما کی ’گرفتاری‘

’طالبان پورے افغانستان پر قبضے کے خواہاں نہیں ہیں’تاہم دوسری جانب افغانستان کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمئے خلیل زاد نے اپنے ٹیوٹر پیغام میں کہا ہے، کہ یہ کانفرنس منسوخ نہیں، ملتوی ہوئی ہے۔

https://twitter.com/US4AfghanPeace/status/1118995794399498240

جمعرات کو افغان حکومت کے ایک وفد نے خصوصی طیارے کے ذریعے کابل سے قطر کے دارالحکومت دوحہ جانا تھا، لیکن وفد میں شامل ارکان کو ہوائی اڈے پہنچنے کے بعد سفر ملتوی ہونے کا پیغام ملا۔ افغان حکومت نے اس کانفرنس کے لئے 250 رکنی وفد کا اعلان کیا تھا۔

تاہم جمعرات کو افغان میڈیا میں ایک اور فہرست شائع ہوئی تھی، جس میں 243 ارکان شامل تھے، لیکن اس فہرست میں افعان حکومت کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں سے صرف 61 لوگ شامل تھے۔

17 اپریل کو جاری کی گئ ایک پریس ریلیز میں افغان طالبان نے افغان حکومت کے اس وفد پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کوئی شادی کی تقریب نہیں، جس میں اتنا بڑا وفد شرکت کررہا ہے۔

طالبان

’افغان حکومت ایسے اقدامات سے امن مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، کیونکہ وہ اس مذاکرات میں پیش رفت سے ڈرتے ہیں۔‘ افغان طالبان کے مطابق وہ افغان حکومت کی فہرست میں شامل صرف اُن اشخاص سے ملیں گے، جن کے نام اجلاس کے منتظمین کی لسٹ میں شامل ہیں۔

افغان طالبان کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس میں کوئی بھی شخص افعان حکومت کی نمائندگی نہیں کرے گا اور حکومتی ارکان بھی ذاتی حیثیت سے کانفرنس میں شریک ہوں گے۔اُدھر افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے بھی بدھ کو کابل میں افغان حکومت کی جانب سے بنائے گئے وفد کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے اُن کو افغان حکومت اور افغان عوام کا نمائندہ وفد قرار دیا تھا۔

’آپ لوگ قطر میں اسلامی جمہوریہ افغانستان اور افغان عوام کی نمائندگی کرنے جارہے ہیں۔ آپ ہر افغان بچے، ہر عورت، ہر معذور، شہدا کے خاندان اور ہر فرد کے حقوق کی نمائندگی کرتے ہیں، ایسے حقوق جو افغانستان کے آئین میں درج ہیں۔‘

ڈاکٹر اشرف غنی

افغان صدر نے وفد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ طالبان کو افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات پر متفق کریں کیونکہ افغان حکومت سے مذاکرات کے علاوہ اُن کے پاس کوئی اور چارہ نہیں ہے۔ ’طالبان کو مذاکرات کے لئے تیار کرلیں، اُن سے کہیں کہ جنگ ختم کرنے کے لئے بات چیت کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔‘

تاہم حزب مخالف کے سیاستدان عطا محمد نور نے اس کانفرنس میں شرکت کرنے سے انکار کرتے ہوئے افغان حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ ایسے اقدامات سے امن مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔

طالبان

افغان طالبان کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس میں کوئی بھی شخص افعان حکومت کی نمائندگی نہیں کرے گا

اس سے قبل رواں سال فروری میں انٹرا افغان کانفرنس روس کے شہر ماسکو میں ہوئی تھی، جس میں افغان سیاستدانوں نے شرکت کی تھی، لیکن اُس کانفرنس میں افغان حکومت کا کوئی وفد شامل نہیں تھا۔

امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان گذشتہ کئی ماہ سے جاری مذاکرات کے پانچ دور ہوچکے ہیں، لیکن ابھی تک امریکہ ان مذاکرات میں افغان طالبان کو افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے کے لئے آمادہ نہیں کرسکا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp