شو بز ڈائری: وویک اوبرائے پچھلے 16 برس سے سلمان خان سے معافی کیوں مانگ رہے ہیں؟

نصرت جہاں - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

سلمان خان

Getty Images

اداکار وویک اوبرائے گذشتہ 16 سالوں سے معافی کی درخواست لے کر گھوم رہے ہیں اور جہاں کہیں بھی انھیں سلمان کی پرچھائیں تک دکھائی دیتی ہے وہ یہ درخواست لے کر ان کی جانب دوڑ پڑتے ہیں۔

سنہ 2003 میں ایشوریہ رائے کی محبت میں گرفتار وویک نے سلمان خان کے خلاف جو پریس کانفرنس کی تھی اس پر وہ آج بھی نادم ہیں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر سلمان خان کو کبھی سچ بولنے کی دوا پلائی گئی تو وہ ان سے کیا پوچھنا چاہیں گے؟ جواب میں وویک نے کہا کہ وہ ان سے پوچھیں گے ‘کیا آپ معاف کرنے میں یقین رکھتے ہیں۔’

اب اس کا جواب تو سلمان ہی دے سکتے ہیں وہ بھی اس وقت جب کسی میں دبنگ خان کو سچائی کی دوا پلانے کی ہمت ہو۔ تاہم وویک کی باتوں سے لگتا ہے کہ وہ آج بھی اس واقعہ کو نہیں بھولے اور سلمان کے ساتھ ہر حال میں تعلقات بحال کرنا چاہتے ہیں، لیکن کہا جاتا ہے کہ سلمان وہ ہیں جو اپنے آپ کی بھی نہیں سنتے ہیں۔

شوبز ڈائریز پڑھیے!

خدا کا شکر ہے ایشوریہ بچ گئیں

’جنسی زیادتی کی ذمہ دار خود عورتیں ہی ہیں‘

کنگنا رناوت کی بایو پک بالی وڈ میں کئی بم پھوڑے گی

‘میرے ساتھ جنسی زیادتی ہوئی ہے’ کیا یہ کہنا آسان ہے؟

’ماں نے جس شخص کے ساتھ تنہا بھیجا تھا اسی نے ریپ کیا‘

لگتا ہے کہ سوشل میڈیا ایک بار پھر بالی ووڈ پرسنالٹیز کا میدانِ جنگ بن گیا ہے جہاں ایک بار پھر کنگنا رناوت اور ان کی بہن رنگولی ہیں اور اس بار ان کے سامنے ہے بھٹ فیملی۔

دراصل چند ہفتے پہلے ہی کنگنا نے چٹکی لیتے ہوئے عالیہ اور رنبیر کپور کی عمر کو نشانہ بنایا تھا اور عالیہ بھٹ کو کرن جوہر کے اقربا پروری کی نشانی قرار دیا تھا۔

کنگنا رناوت

Getty Images

کنگنا کے پے درپے وار کے بعد حال ہی میں عالیہ بھٹ کی والدہ سونی رازدان ٹوئٹر پر لکھ بیٹھیں کہ کنگنا کو پہلا بریک مہیش بھٹ نے ہی دیا تھا۔ اس پر کنگنا کی بہن رنگولی پھٹ پڑیں اور مہیش بھٹ پر الزامات کی بوچھاڑ کر ڈالی۔

اس تمام قصے میں عالیہ نے انتہائی بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کنگنا کو کوئی منفی جواب یا ردِ عمل ظاہر نہیں کیا۔عالیہ اور کنگنا دونوں ہی بالی وڈ کی باصلاحیت اداکارائیں ہیں اور دونوں کا اپنا الگ مقام بھی ہے۔

کنگنا نے کئی بار انڈسٹری کے تاریک اور شرمناک پہلووں پر کھل کر بات کی ہے لیکن بار بار اور بلا وجہ کی جانے والی بات اکثر اپنی اہمیت اور اثر کھو دیتی ہے اور کنگنا کو یہ بات سمجھنے کی اشد ضرورت ہے۔

بالی وڈ میں ’می ٹو‘ مہم کے بعد سے ان شخصیات کے ساتھ کام نہ کرنے کی مہم بھی جاری ہے۔ جن پر جنسی زیادتی کے الزامات لگائے گئے ان میں ساجد خان، نانا پاٹیکر، رجت کپور، وکاس بہل اور آلوک ناتھ شامل ہیں۔

اداکارہ تنو شری دتہ نے اس ہفتے اداکار اجے دیوگن کو اس وقت آڑے ہاتھوں لیا جب ان کی فلم ’دے دے پیار دے‘ کا ٹریلر ریلیز ہوا۔ اس فلم میں آلوک ناتھ بھی ہیں۔

تنو کا کہنا تھا کہ اجے دیوگن جیسی بڑی شخصیت جس نے ’می ٹو‘ مہم کی بھر پور حمایت کی تھی، آلوک ناتھ کے ساتھ کام کیسے کر سکتے ہیں؟

واضح رہے کہ آلوک ناتھ پر وِنتا نندا کے ساتھ جنسی زیادتی کا الزام ہے۔ تنو شری کا کہنا تھا کہ بالی وڈ جھوٹے اور موقع پرست لوگوں سے بھری ہوئی ہے۔

آلوک ناتھ

Getty Images

اجے دیوگن نے تنو شری کے بیان کے جواب میں وضاحت پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس فلم میں آلوک ناتھ کے ساتھ جو سین ہیں وہ ان الزامات سے کافی پہلے ریکارڈ کیے گئے تھے اور ان مناظر میں آلوک ناتھ کے ساتھ درجنوں اداکار شامل ہیں۔

لہذا انھیں دوبارہ شوٹ کرنا انتہائی مشکل ہے اور اس سے زبردست مالی نقصان ہوگا اور یوں بھی وہ یہ فیصلہ تنہا نہیں کر سکتے یہ فیصلہ وہ نہیں بلکہ ہورے یونٹ کا ہو گا۔

خیال رہے کہ تنو شری دتہ نے نانا پاٹیکر پر جنسی زیادتی کے الزامات لگائے ہیں جن کی نانا پاٹیکر تردید کرتے ہیں۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 10818 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp