غفلت کے سبب نو ماہ کی بچی کو کوما میں پہنچانے والے دارالصحت اسپتال میں آگ لگ گئی


کراچی: غفلت کے سبب نو ماہ کی بچی کو کوما میں پہنچانے والے دارالصحت اسپتال میں آگ لگ گئی، شدت میں اضافہ ہورہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں واقع نجی اسپتال کی پہلی اور دوسری منزل پر آگ بھڑک اٹھی ہے، آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں روانہ ہوگئی ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ عمار ت کی پہلی اور دوسری منزل پر لگی ہے جسے بجھانے کے لیے دو فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ چکے ہیں جبکہ آگ کی شدت میں اضافے کے سبب مزید مدد روانہ کی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ نشوہ نامی بچی جس کی عمر 9 ماہ ہے، وہ دارالصحت اسپتال میں ڈائیریا کے مرض میں ایڈمت ہوئی تھی، کہ اس کی حالت بگڑ گئی، اسپتال نے تصدیق کی کہ بچی کو غلط انجکشن کی وجہ سے اس کی طبیعت بگڑ گئی۔ نشوہ ایک ہفتے تک وینٹی لیٹرپراسپتال میں ہی ایڈمٹ رہی اور گزشتہ رات جب وینٹی لیٹر ہٹایا گیا تو بچی پیرالائز ہوچکی تھی۔

بچی تاحال زیر علاج ہے اور اس کی حالت میں بہتری کی کوئی امید ظاہر نہیں کی جارہی، واقعے کے ردعمل میں اہل علاقہ نے علاقے میں پوسٹرز لگاتے ہوئے دارلصحت اسپتال کو دارالموت قرار دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ یہاں علاج نہ کروائیں۔

واقعے کے ردعمل میں پاکستان ایئر لائنزنے اپنے اسٹاف کو ہدایات بھی جاری کی تھیں کہ وہ اپنے اور اہل خانہ کے علاج معالجے کے لیے دارلصحت نامی اسپتال جانے سے گریز کریں۔

یاد رہے کہ کراچی کے دارالصحت اسپتال انتظامیہ نے انجیکشن کے اوور ڈوز کی غلطی تسلیم کر لی تھی، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کہ متعلقہ ملازم کو معطل کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، بعد ازاں غفلت کے مرتکب ملازمین کو حراست میں بھی لیا گیا تھا تاہم اسپتال کے مالک عامر چشتی کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں کی جاسکی ہے۔

بچی کے والد قیصر علی پر ایس پی گلشن اقبال طاہر نورانی نے دھمکیاں بھی دی تھیں کہ وہ مقدمہ واپس لے لیں، جس کی پاداش میں اے آئی جی کراچی امیر شیخ نے انہیں ان کے عہدے سے برطرف کردیا تھا۔

خیال رہے کہ نشوہ کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، لیاقت نیشنل کے ڈاکٹروں نے دعاکا کہہ دیا ہے۔ واضح رہے کہ مجرمانہ غفلت پر غلطی کے اعتراف کے باوجود دارالصحت اسپتال کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہو سکی، 9 ماہ کی نشوا بدستور لیاقت نیشنل اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔

گزشتہ روز دارالصحت اسپتال کے مالک عامر چشتی ایم کیو ایم کے ایک رہنما کو لے کر لیاقت نیشنل اسپتال پہنچ گئے تھے، اس موقع پر عامر چشتی کے ہمراہ دارالصحت اسپتال کی انتظامیہ بھی موجود تھی۔ ذرائع کے مطابق عامر چشتی اور دیگر نشوا کے والد قیصر علی سے صلح صفائی کرکے معاملہ رفع دفع کرنے کی کوشش کررہے ہیں، عامر چشتی صلح صفائی کے معاملے پر معاوضہ دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔
بشکریہ اے آر وائی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).