سری لنکا: 9 میں سے 8 خود کش بمباروں کی شناخت ہو گئی


سری لنکا میں دھماکے کرنے والے 9 میں سے 8 خود کش بمباروں کی شناخت ہو گئی ہے۔ پولیس ایک خودکش حملہ آور کے گھر پہنچی تو اس کی بیوی نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ حملوں میں ہلاک افراد کی تعداد 360 تک پہنچ گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق خودکش بمباروں میں سری لنکا کے کروڑ پتی تاجر یوسف ابراہیم کے 2 بیٹے انشاف احمد اور الہام احمد ابراہیم بھی شامل تھے۔

پولیس نے تلاشی کے لیے انشاف کے گھر چھاپا مارا تو اس کی حاملہ بیوی فاطمہ نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے میں فاطمہ کے 3 بچے اور 3 پولیس اہلکار بھی ہلاک ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق تاجر یوسف ابراہیم کا تیسرا بیٹا مفرور ہے جسے پولیس تلاش کر رہی ہے۔ شبہ ہے کہ دہشت گرد تنظیم کی جانب سے بمباروں کی وڈیو میں موجود خاتون فاطمہ انشاف ہی تھی ۔

رپورٹ کے مطابق دھماکےکے لیے انشاف ابراہیم کی کولمبو میں واقع فیکٹری میں خودکش جیکٹس تیار کی گئیں ۔

واضح رہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے اور مبینہ خود کش حملہ آوروں کی وڈیو بھی جاری کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).