شیخ رشید کی اسد عمر سے ایک گھنٹہ طویل ملاقات ناکام: اندرونی کہانی


وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر سے ایک گھنٹہ طویل ملاقات کی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید نے اسد عمر سے وفاقی کابینہ میں واپس آنے کی درخواست کی۔ تاہم ذرائع کے مطابق یہ ملاقات کامیاب نہیں ہو سکی۔

نجی ٹی وی کے مطابق شیخ رشید نے چین کے دورے پر روانگی سے قبل سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو منانے کیلئے منسٹرز کالونی کا رخ کیا اور ان سے کابینہ میں واپسی کی درخواست کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماﺅں کی ہونے والی ملاقات ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی جس میں اسد عمر نے وزیر ریلوے کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ شیخ رشید احمد نے سابق وزیر خزانہ سے کہا آپ میرے لیے قابل عزت ہیں، میری درخواست پر غور کریں ورنہ بار بار آتا رہوں گا۔

ذرائع کے مطابق اسد عمر نے شیخ رشید کو جواب دیا کہ شیخ صاحب، آپ جب مرضی آئیں، اللہ بہتر کرے گا۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ جمعرات اسد عمر کے ہاتھ سے خزانے کی چابی واپس لے لی تھی۔ انہیں وزارت پٹرولیم آفر کی گئی لیکن انہوں نے اسے قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ میڈیا پر یہ خبریں بھی آتی رہی ہیں کہ اسد عمر قیادت سے ناراض ہو کر گئے ہیں جس پر شیخ رشید احمد نے اعلان کیا تھا کہ وہ سابق وزیر خزانہ کو منا کر واپس وفاقی کابینہ میں لے کر آئیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).