ہسپتالوں میں غفلت کے واقعات: مریضوں کے علاج کا کوئی ضابطہ اخلاق ہے؟


ہسپتال

پاکستان میں کسی مریض کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کا کوئی طریقہ کار ہے؟ ماہرین کے مطابق کوئی مشترکہ حکمت عملی رائج نہیں

پاکستان کے شہر کراچی میں نجی ہسپتال میں نو ماہ کی بچی کی مبینہ غفلت کے بعد ہلاکت اور سندھ گورنمنٹ ہسپتال میں دانت درد کے علاج کے لیے آنے والی خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کے بعد ملک بھر میں ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کے ضابطہ اخلاق پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

نو ماہ کی بچی کی ڈاکڑوں کی مبینہ غفلت سے ہلاکت کے بعد حکومت سندھ نے نجی ہسپتال دارالصحت کے او پی ڈی شعبے کو بند کردیا ہے، تاہم ہسپتال کے دیگر تمام شعبے بشمول انتہائی نگھداشت کا شعبہ بدستور کام کر رہا ہے۔

سندھ صحت کمیشن نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 9 ماہ کی نشوا کی موت ہسپتال کے غفلت کے باعث ہوئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ہسپتال اپنے تمام غیر تربیت یافتہ عملے کو برطرف کرے جبکہ ہسپتال پر پانچ لاکھ رپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہسپتال میں 165 نرسیں ہیں، جن میں سے صرف 70 تربیت یافتہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیے!

کیا مریض کی جان بچانا اولیت رکھتا ہے؟

کراچی: نجی ہسپتال کے خلاف غفلت کا مقدمہ

جوس کا انجیکشن لگا کر موت کو دعوت دے دی!

ڈاکٹر نے انسولین کی زیادہ مقدار سے بیوی کو مار ڈالا

نشوہ کے والد قیصر علی نے اپنی بیٹی کی ہلاکت اور ہسپتال کی غفلت کا مقدمہ درج کرایا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ پیچش کی وجہ سے وہ اپنی دو جڑواں بیٹیوں نشوا اور عائشہ کو لے کر دارالصحت ہپستال گئے تھے، جہاں دونوں کو بچہ وارڈ میں منتقل کر کے ڈرپ لگائی گئی اور رات دس بجے تک بیٹیاں بیڈ پر کھیلنے لگیں۔

بعد میں نشوہ کی حالت خراب ہوگئی اور ہسپتال انتظامیہ نے اعتراف کیا کہ غلطی سے نشوہ کو دوا کی اوور ڈوز لگ گئی ہے۔

ہسپتال

’ایمرجنسی میں آپ یہ انتظار نہیں کریں گے کہ پہلے پیرا میڈیکل دیکھے، پھر نرس دیکھے اس کے بعد جونیئر ڈاکٹر دیکھے اس کے بعد سینئر ڈاکٹر دیکھے‘

اگر کسی مریض کو ہنگامی حالت میں ہسپتال لایا جاتا ہے، تو اس کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کا طریقہ کار یعنی اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) کیا ہے؟

بی بی سی کی جانب سے یہ سوال کچھ ماہرین سے کیا گیا جس سے یہ بات سامنے آئی کہ کوئی مشترکہ طریقہ کار رائج نہیں ہے۔

ایمرجنسی شعبے میں مریضوں کے علاج کا طریقہ کار کیا ہے؟

کراچی کے جناح پوسٹ گریجوئیٹ ہسپتال کے شعبے حادثات کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ اگر کسی کو ایمرجنسی میں لایا جاتا ہے تو یہ نہیں ہوتا کہ پہلے پیرا میڈیک آئے گا، وہ دیکھے گا اور اس کے بعد دوسرے ڈاکٹرز دیکھیں گے، بلکہ یہ پوری ٹیم کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

’جیسے گن شاٹ کا زخمی ہے، آپ یہ انتظار نہیں کریں گے کہ پہلے پیرا میڈیکل دیکھے، پھر نرس دیکھے اس کے بعد جونیئر ڈاکٹر دیکھے اس کے بعد سینئر ڈاکٹر دیکھے۔ ایسا نہیں ہوتا بلکہ تمام ٹیم مشترکہ جان بچانے کی کوشش کرتی ہے کیونکہ ابتدائی گھنٹے ہی سب سے اہم ہوتے ہیں جن میں مریض کی زندگی بچائی جاسکتی ہے۔‘

ہسپتال

بچوں کے طبی معائنے کی صورت میں ان کے والدین سے اجازت طلب کی جائے

پاکستان میں ڈاکٹروں کی تنظیم پاکستان پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) ڈاکٹروں اور مریضوں کے مفادات اور آگاہی کے لیے کام کرتی ہے۔

تنظیم کے کراچی کے صدر ڈاکٹر خلیل مقدم کہتے ہیں کہ ہر ہسپتال کا اپنا ایس او پی ہوتا ہے اور ہر مرض کے علاج کا اپنا پروٹوکول ہوتا ہے۔

’ایک شخص جو عارضہ قلب میں آیا ہے اس کے پروٹوکول الگ ہوں گے اور جو فریکچر کے ساتھ آیا ہے اس کے ایس او پیز الگ ہوں گے۔ تاہم یہ ضرور ہے کہ ہر ہسپتال میں تربیت یافتہ ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ موجود ہونا چاہیے۔‘

ڈاکٹر خلیل کے مطابق سرکاری اور نجی ہسپتال میں قوائد و ضوابط پر عملدرآمد کی نگرانی محکمہ صحت اور ہیلتھ کمیشن کی ذمہ داری ہے، تاہم غلطی اور غفلت میں فرق رکھنا چاہیے۔

اگر کسی کو معلوم ہو کہ اس سے یہ نقصان ہوگا پھر بھی وہ یہ اقدام اٹھائے تو یہ غفلت برتنے کے مترادف ہے۔

پی ایم ڈی سی کا ضابطہ اخلاق کیا کہتا ہے؟

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) ڈاکٹروں کی رجسٹرڈ اتھارٹی ہے، جس کی جانب سے بنائے گئے ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی کیئر انسانی بنیادوں پر فراہم کی جائیگی، دوران علاج ڈاکٹر یہ نہیں بھولے گا کہ زیر علاج مریض کی صحت اور زندگی کا دوارو مدار اس کے ماہرت اور توجہ پر ہے۔

ہسپتال

ضابطہ اخلاق کے مطابق ڈاکٹر پر لازم ہے کہ مریض کے معائنے سے قبل وہ اس سے اجازت طلب کرے

’اگر کوئی ڈاکٹر دوران علاج یہ سمجھتا ہے کہ مرض کی تشخیص اس کی قابلیت سے زیادہ ہے تو وہ اپنے سینئر کو بلائے گا۔ اسی طرح اگر وہ کسی وجہ سے دستیاب نہیں ہے تو وہ کسی دوسرے ڈاکٹر کا انتظام کرے گا اور مریض کو اس سے آگاہ کرے گا۔‘

ضابطہ اخلاق کے مطابق ڈاکٹر کا یہ فرض ہے کہ وہ علاج کے فوائد اور اخراجات سے مریض کو آگاہ کرے اور مریض اپنے میڈیکل ریکارڈ کی کاپی اور اس پر آزادانہ رائے یا مشورہ حاصل کرسکتا ہے، اس کے علاوہ کسی بھی طبی مرحلے میں مریض کو یہ جاننے کا حق ہے کہ اس کے فوائد و نقصانات کیا ہیں اس کے ساتھ تجویز کردہ نسخے کے ممکنہ ری ایکشن کے بارے میں آگاہی دی جائیگی۔

پی ایم ڈی سی نے تمام طبی کالیجز اور جامعات کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق کو اپنے نصاب کا بھی حصہ بنائیں۔ اس ضابطہ اخلاق میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر پر لازم ہے کہ مریض کے معائنے سے قبل وہ اس سے اجازت طلب کرے، خواتین کے طبی معائنے کے دوران خاتون اٹینڈ کا ہونا لازمی ہے جبکہ بچے کی صورت میں اس کے والدین سے اجازت طلب کی جائے۔

پی ایم ڈی سی نے ضابطہ اخلاق میں بتایا ہے کہ غفلت اور پیشہ ورانہ فرائض میں کوتاہی برتنے پر ڈاکٹر کی رجسٹریشن منسوخ کی جاسکتی ہے، اس کا فیصلہ کمیٹی کرے گی جبکہ کارروائی کے لیے پی ایم ڈی سی کو شکایت کرنا ضروری ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp