کم کپڑے پہن کر پھرنے والی لڑکیوں کو ریپ کر دو: بھارتی خاتون کا مردوں سے مطالبہ


بھارت سمیت دنیا بھر میں ایک گروپ خواتین پر جنسی حملوں کی وجہ ان کے مختصر لباس کو بیان کرتا ہے اور دوسرا گروپ اس کی مخالفت کرتا ہے اور لڑکیوں کے لباس کی بجائے مردوں کی سوچ تبدیل کرنے کی بات کرتا ہے۔ بھارت میں اس پہلے گروپ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے ریسٹورنٹ میں چند لڑکیوں کو مختصر لباس میں دیکھ کر وہاں موجود مردوں سے ایسا مطالبہ کر دیا کہ ہنگامہ برپا ہو گیا۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق اس ادھیڑ عمر خاتون نے مردوں سے کہا کہ ان کم لباس پہننے والی لڑکیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دو، کیونکہ یہ خود یہی چاہتی ہیں، ورنہ یہ ایسا لباس نہیں پہنتیں۔

منظرعام پر آنے والی اس واقعے کی ویڈیو میں خاتون مزید کہتی ہے کہ ”کم لباس پہننے والی خواتین مردوں کو ترغیب دیتی ہیں کہ وہ ان کی طرف دیکھیں اور ان میں جنسی رغبت رکھیں۔ چنانچہ مردوں کو چاہیے کہ ایسی خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالیں۔ “ یہ ویڈیو لڑکیوں کے اس گروپ میں سے ایک لڑکی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے جنہیں دیکھ کر اس خاتون نے یہ باتیں کہیں۔

اس لڑکی نے بتایا کہ ”میں اپنی سہیلیوں کے ساتھ ریستوران میں موجود تھی کہ اس خاتون نے ہمیں ہمارے لباس کی وجہ سے شرم دلانی شروع کر دی۔ ہم نے اس خاتون کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا لیکن وہ تب تک وہاں سے جا چکی تھی۔ ہم اس کے پیچھے گئیں، وہ ایک شاپنگ مال میں داخل ہوئی جہاں ہم نے اسے گھیر لیا اور اس سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا لیکن آدھے گھنٹے کی کوشش کے باوجود اس نے معافی نہیں مانگی۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).