شمالی کوریا کا شارٹ رینج ایٹمی صلاحیت کے میزائل کا تجربہ


جنوبی کوریا کے خبر رساں ادارے یوناپ کے مطابق مذکورہ میزائل جنوبی پیونگان صوبے میں پیونگ سونگ سے مشرق کی جانب اڑا۔

جنوبی کوریا سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا نے قریبی ہدف کو مار کرنے والے ایٹمی صلاحیت کے حامل میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے کہا ہے ان میزائلوں کو ملک کے مشرقی حصے جزیرہ نما ہوڈو سے داغا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ پیانگ یانگ نے کہا تھا کہ اس نے ‘ٹیکٹیکل گائیڈڈ میزائل’ کا تجربہ کیا ہے۔

یہ تجربہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے درمیان ویتنام میں ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا تھا جو کہ بغیر کسی معاہدے کے ختم ہو گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے!

شمالی کوریا کا میزائل تجربہ، ’پورا امریکہ نشانے پر ہے‘

جدید ترین ہائیڈروجن بم تیار کر لیا : شمالی کوریا

شمالی کوریا دہشتگردی کا معاون ملک ہے: امریکہ

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی کوریا نے ’مقامی وقت کے مطابق صبح 09:06 سے 09:27 کے درمیان مشرقی ساحلی علاقے وانسن کے قریب جزیرہ نما ہوڈو سے شمال مشرق کی جانب قریبی ہدف کو مار کرنے والے متعدد میزائل کا تجربہ کیا ہے۔‘

انھوں نے مزید بتایا کہ ان میزائلوں نے جاپان کے سمندر کی جانب 70 سے 200 کلو میٹر تک پرواز کی۔

شمالی کوریا

ماضی میں بھی ہوڈو کو ایسے مختلف تجربات کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

شمالی کوریا کی نیوز ایجنسی کے مطابق کم جونگ ان نے اپریل میں کیے جانے والے ‘ٹیکٹیکل گائیڈڈ ہتھیار’ کا خود معائنہ کیا تھا۔ نیوز ایجنسی کے مطابق یہ تجربہ مختلف اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ یہ ہتھیار زمین، سمندر اور ہوا سے داغا جا سکتا ہے۔

تاہم یہ ابھی تک واضح نہیں کہ وہ ہتھیار میزائل تھا یا نہیں لیکن زیادہ تر مبصرین اس بات پر متفق ہیں ممکنہ طور پر یہ قریبی ہدف کو نشانہ بنانے والا ہتھیار تھا۔

گذشتہ برس کم جونگ ان نے کہا تھا کہ وہ جوہری تجربات کو روک دیں گے اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ نہیں کیا جائے گا۔

تاہم گذشتہ ماہ سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر میں شمالی کوریا کی مرکزی ایٹمی تنصیبات میں حرکت نظر آئی ہے جس سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ شمالی کوریا بم میں اسعتمال ہونے والا تابکار مواد تیار کر رہا ہے۔

شمالی کوریا کا دعویٰ ہے کہ وہ ایسا چھوٹا ایٹمی بم تیار کر چکا ہے جو دور ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل میں نصب کیا جا سکتا ہے جو کہ امریکہ تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp