مقتول افضل کوہستانی کے بھائی کو ’پولیس سے جان کا خطرہ‘


بن یاسر

بن یاسر نے کہا کہ پولیس نے ان کی اور ان کے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے جو اہلکار دیے ہوئے ہیں وہ نہ ہونے کے برابر ہیں

خیبر پختونخوا کے علاقے کوہستان میں شادی پر چار لڑکیوں کے ڈانس کی ویڈیو منظر عام پر لانے والے مقتول افضل کوہستانی کے بھائی نے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ اُنھیں پولیس سے جان کا خطرہ ہے اس لیے اُنھیں اور ان کے خاندان کے دیگر 45 افراد کو فوجی کمانڈوز کی سکیورٹی فراہم کی جائے۔

افضل کوہستانی کے چھوٹے بھائی بن یاسر کی طرف سے دائر کی گئی درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان کے بھائی افضل کوہستانی کے علاوہ چار لڑکیوں کے قتل کی تحقیقات بھی ازسر نو کروائی جائیں اور ان مقدمات کی تفتیش کو اسلام آباد منتقل کر کے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے ان کی اور ان کے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے جو پولیس اہلکار دیے ہوئے ہیں وہ نہ ہونے کے برابر ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کوہستان ویڈیو: کیا اب انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے؟

افضل کوہستانی کے بھائی کا تفتیش پر عدم اعتماد کا اظہار

غیرت کے نام پر قتل: ’آواز اٹھائی تو مار دیے جاؤ گے‘

بن یاسر کے مطابق چار لڑکیوں کے شادی پر ڈانس کرنے سے متعلق جو ویڈیو منظر عام پر آئی تھی اس کے بعد ان چار لڑکیوں کے علاوہ ان کے چار بھائیوں کو بھی قتل کر دیا گیا ہے جس میں شیر ولی، شاہ فیصل اور رفیع الدین کے علاوہ افضل کوہستانی بھی شامل ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ افضل کوہستانی کے قتل کے مقدمے میں ایبٹ آباد پولیس نے ان کے بھانجے خضر رحمان کو بھی گرفتار کر لیا ہے جبکہ وہ اس مقدمے میں مدعی تھا لیکن اس کے برعکس بن یاسر کے بقول پولیس نے اس مقدمے کے نامزد ملزم عبدل حمید کو تمام تر معلومات ہونے کے باوجود ابھی تک گرفتار نہیں کیا۔

افضل کوہستانی کے بھائی کا کہنا تھا کہ ان کے مخالفین نے ایک روز پہلے بھی ان کے آبائی گھر پر حملہ کیا ہے لیکن پولیس نے ملزمان کو گرفتار نہیں کیا۔

اُنھوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کی پولیس نے شمس الدین کے قتل کا مقدمہ بھی ان کے خاندان کے تین افراد کے خلاف درج کیا ہے۔ واضح رہے کہ شمس الدین کو افضل کوہستانی کے تین بھائیوں کے قتل کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی تاہم کچھ عرصہ پہلے ان کی پشاور ہائی کورٹ نے ضمانت منظور کی تھی۔

کوہستان ویڈیو سکینڈل

خیبر پختونخوا کی پولیس کے حکام یہ دعویٰ کرتے رہے کہ شادی پر ڈانس کرنے والی چار لڑکیوں کو قتل نہیں کیا گیا

بن یاسر کا کہنا تھا کہ ان سمیت ان کے خاندان کے 45 افراد کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں لیکن اس کے باوجود صوبائی حکومت کی طرف سے ان کی حفاظت کے لیے عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔

اُنھوں نے کہا کہ وہ اور ان کے خاندان کے 44 افراد سکیورٹی کی وجہ سے ایک ہی گھر میں رہنے پر مجبور ہیں اور وہ روزگار کے لیے گھر سے باہر بھی نہیں جا سکتے۔

بن یاسر نے کہا کہ ایسے حالات میں کسی طور پر بھی پولیس پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا اس لیے ان کی حفاظت کے لیے فوجی کمانڈوز تعینات کیے جائیں۔

خیبر پختونخوا کی پولیس کے حکام یہ دعویٰ کرتے رہے کہ شادی پر ڈانس کرنے والی چار لڑکیوں کو قتل نہیں کیا گیا بلکہ وہ زندہ ہیں۔ تاہم اس واقعے کے تین سال کے بعد صوبائی پولیس نے تسلیم کیا کہ ان لڑکیوں کو قتل کیا گیا ہے۔

سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے لڑکیوں کے ڈانس کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ایک کمیشن بھی تشکیل دیا تھا جس میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندے بھی شامل تھے۔ اس کمیشن نے اپنی رپورٹ میں اس وقت اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ لڑکیوں کو قتل کر دیا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32547 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp