لیورپول کی بارسلونا پر چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل میں یادگار فتح


Divock Origi

برطانوی فٹبال کلب لیورپول اور ہسپانوی کلب بارسلونا کے درمیان گذشتہ شب کھیلے گئے چیمپینز لیگ کے سیمی فائنل کو کلب فٹبال کی تاریخ کے یاد گار ترین میچوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔

لیورپول کے مداحوں کے لیے یہ میچ کسی فلم کی کہانی سے کم نہیں تھا۔

چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل دو میچوں پر مشتمل ہوتے ہیں جو کہ مدِمقابل دونوں ٹیموں کے ہوم گراؤنڈز پر کھیلے جاتے ہیں۔ آخر میں دونوں ٹیموں کے مجموعی گول دیکھے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

600 گول! میسی کو روکنا مشکل ہی نہیں ’نا ممکن‘

چیمپئنز لیگ: روزہ رکھنے کے ارادے پر کوچ برہم

چترال میں فٹبال:’لڑکیاں چار گھنٹے پیدل چل کر آتی تھیں‘

اس مرتبہ پہلا میچ بارسلونا کے ہوم گراؤنڈ نوئی کیمپ میں کھیلا گیا۔ میزبان ٹیم نے لیورپول کو 3-0 سے شکست دے کر ان کی امیدیں چکنا چکور کر دیں۔

Sadio Mane

پھر آئی منگل کی شب اور میچ کا دوسرا حصہ۔ اس وقت لیورپول کے اپنے مداح بھی شاید ان کی کامیابی کی امید نہ رکھتے۔ مگر جیسے بالی وڈ فلم ‘لگان’ کے عامر خان میدان میں آئے اور لیورپول نے چار متواتر گول کر کے میچ چار صفر کے سکور سے جیت لیا۔ اس طرح اس نے مجموعی طور پر 4-3 سے کامیابی حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

لیورپول کے ہوم گراؤنڈ این فیلڈ میں کھیلے گئے اس سیمی فائنل کی تاریخی اعتبار سے خاص بات یہ ہے کہ 1986 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب کسی ٹیم نے اپنے مخالف کی تین گول کی برتری ختم کر کے فائنل تک رسائی حاصل کی ہو۔ مگر 1986 میں ایسا کرنے والی ٹیم خود بارسلونا تھی جب انھوں نے گوٹنبرگ کو ہرا دیا تھا۔

گذشتہ سال بارسلونا کو خود کواٹر فائنل مرحلے میں اٹلی کی ٹیم روما کے ہاتھوں 3-0 سے شکست ہوئی تھی۔ سنہ 2015 کے بعد سے بارسلونا چیمپیئنز لیگ کے فائنل تک نہیں پہنچی ہے۔

Lionel Messi

دنیا کے شاید بہترین کھلاڑی میسی، جو کہ اس وقت انتہائی شاندار فارم میں بھی ہیں، اس شام اپنا جادو ڈھونڈتے ہی رہ گئے

ادھر سواریز، جو کہ لیورپول کو چھوڑ کر اب بارسلونا کے لیے کھیل رہے ہیں، اپنے پرانے مداحوں کے گلے شکوے ہی سنتے رہے۔ سواریز نے میچ کے بعد کہا کہ ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے ہم کوئی سکول کے لڑکے کھیل رہے ہیں۔

سیمی فائنل کے پہلے میچ میں جب سواریز نے اپنی پرانی ٹیم کے خلاف گول کر کے جشن منایا تو ان پر کچھ عرصہ پہلے تک جان چھڑکنے والے مداحوں کو بالکل اچھا نہیں لگا۔ سواریز نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اب کی بار لیورپول کے خلاف گول کرکے جشن نہیں منائیں گے مگر انھیں اس کا موقع ہی نہیں ملا۔ سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے کہا کہ سواریز نے اپنا وعدہ پورا کر دیا!

میسی

ماہرین کا ردِعمل

سابق انگلینڈ کپتان، ایلن شیرر

ایلن شیرر

انھوں نے یہ کیسے کیا؟ لیورپول کے پاس خوداعتمادی، جیت کی بھوک، مانگ، اور جذبہ سب تھا۔۔۔ اور ساتھ میں گراؤنڈ میں ایسے شائقین جو پہلے ہی لمحے سے ان کو جتانا چاہتے تھے۔

لیورپول نے پہلے ہی لمحے سے بہت ہی درست ارادہ ظاہر کیا۔ اگر وہ ہارنے والے تھے تو انھوں نے پوری کوشش کر کے جانا تھا۔ آپ سوچیں سرگیو بزکٹس، لوئس سواریز، جرارڈ پیق، اور دنیا کے بہترین کھلاڑی میسی سب تھے مگر بارسلونا انھیں ہینڈل نہیں کر سکے۔

لیورپول کے سابق سٹرائکر، مائیکل اوون

مائیکل اوون

(این فیلڈ کی یورپی شاموں میں) یہ اگر بہترین نہیں تو کم از کم بہترین شاموں میں سے ایک تھی۔ ایسا لگتا ہے کہ لیورپول کو اس سٹیڈیم پر کوئی نہیں ہرا سکتا۔‘

مانچسٹر یونائٹڈ کے سابق کھلاڑی ریو فرڈینینڈ

ریو فرڈینینڈ

میں ان کے حریف کلب کے لیے کھیلتا تھا مگر آپ اس کلب کی کارکردگی اور اس کے مداحوں کی عزت کرنے سے گریز نہیں کر سکتے۔ ہم میسی کو فائنل میں دیکھنے آئے تھے مگر لیورپول نے وہ ان کے ہاتھوں سے لے لیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp