چوہدری نثار تحریک انصاف میں شامل ہو کر وزیر اعلیٰ پنجاب بن جائیں گے: سینئر صحافی ہارون الرشید


سینئر صحافی ہارون الرشید نے دعویٰ کیا ہے کہ چوہدری نثار علی خان کا نام دوبارہ وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے زیر غور ہے۔ وہ بہت جلد تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلیں گے جس کے بعد انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب بنادیا جائے گا۔ چوہدری نثار کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد بے یقینی کا خاتمہ ہوگا اور افسر شاہی کی من مانیاں ختم ہوں گی۔

نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی ہارون الرشید نے دعویٰ کیا کہ چوہدری نثار تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے چند دن پہلے پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ وہ ن لیگ کے ساتھ 35 سالہ رفاقت ختم کر رہے ہیں۔ انہیں اب شریف خاندان قبول نہیں کرے گا اور وہ پیپلز پارٹی میں جا نہیں سکتے تو اس لیے آپشن تحریک انصاف کا ہی بچتا ہے۔ ایک زمانے میں وہ شام کے وقت عمران خان کے پاس آتے اور انہیں سیاست سکھاتے تھے۔

ہارون الرشید نے کہا کہ پنجاب کے مسئلے کو حل ہونا ہے۔ ابھی تو جہانگیر ترین چیزوں کو دیکھ رہے ہیں۔ ہر شخص جو سیاست کو سمجھتا ہے اسے معلوم ہے کہ بزدار صاحب کو جانا ہے۔ عمران خان ہزار بار کہتے رہیں لیکن عثمان بزدار کو تبدیل کرنا پڑے گا۔ چوہدری نثار کا نام دوبارہ وزیر اعلیٰ کیلئے زیر غور ہے۔ انہیں وزیر اعلیٰ بنانا اتنا آسان نہیں ہوگا، جہانگیر ترین، شاہ محمود قریشی اور ق لیگ کو آن بورڈ لینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ چیزیں چوہدری نثار کے حق میں بھی جارہی ہیں۔ وہ سیاست کی باریکیوں کو سب سے زیادہ سمجھتے ہیں۔ اگر وہ وزیر اعلیٰ بنتے ہیں تو بے یقینی ختم ہوجائے گی اور افسر شاہی من مانی نہیں کرسکے گی، ن لیگ کے بہت سے لوگ بھی ان کے ساتھ چل سکتے ہیں۔ چوہدری پرویز الہٰی بھی وزیر اعلیٰ کے امیدوار ہیں لیکن یہ اسی صورت ممکن ہے جب وہ اپنی پارٹی کو تحریک انصاف میں ضم کردیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).