ایونجرز اینڈ گیم: دو ہفتے میں دو ارب ڈالر سے زیادہ کمائی، ’ایواٹار‘ کا عالمی ریکارڈ خطرے میں


فلم

ایوینجرز اینڈ گیم مارول سٹوڈیوز کی 22ویں اور اب تک کی سب سے کامیاب فلم ہے

تاریخ میں سب سے زیادہ آسکر ایوارڈ جیتنے والی فلم ‘ٹائی ٹے نک’ کے ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے ٹوئٹر پر مارول سٹوڈیوز کو حال ہی میں ریلیز ہونے والی ایوینجرز: اینڈ گیم کی معرکتہ الآرا کامیابی پر مبارک باد دی ۔

ایوینجر سیریز کی چوتھی اور آخری فلم اپریل کے آخر میں دنیا بھر میں ریلیز ہوئی تھی اور صرف دو ہفتوں میں اس فلم نے ماضی کے تمام ریکاڑ توڑ دیے ہیں اور اب تک باکس آفس پر دو ارب ڈالر سے زیادہ رقم حاصل کی ہے۔

سنہ 1997 میں ریلیز ہونے والی ٹائی ٹے نک نے اب تک 2.18 ارب ڈالر کمائے ہیں جبکہ ایوینجرز: اینڈ گیم کی کُل عالمی آمدنی 2.27 ارب ڈالر ہو چکی ہے۔

جیمز کیمرون نے اپنی ٹویٹ میں کہا: ‘ایک برفانی تودے نے ٹائی ٹے نک کو ڈبودیا تھا۔ اب ایک ایوینجر فلم نے میری ٹائی ٹے نک کو ڈبو دیا ہے۔ یہاں لائٹ سٹورم اینٹرٹینمنٹ میں موجود ہم تمام لوگ آپ کی شاندار کامیابی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔’

جیمز کیمرون نے مزید کہا کہ لوگوں نے سنیما گھروں کے ختم ہو جانے کی پیشن گوئی کی تھی لیکن اس فلم نے ثابت کر دیا کہ اگر اچھا تجربہ ملے تو شائقین جوق درجوق فلم دیکھنے آئیں گے۔

‘آپ لوگوں نے دکھا دیا کہ فلم انڈسٹری نہ صرف سلامت ہے بلکہ وہ پہلے سے بھی زیادہ بڑی ہے۔’

ایونجرز کے بارے میں مزید پڑھیے

’اینڈ گیم‘ کی پانچ دن میں ایک ارب ڈالر سے زیادہ کمائی

’ایونجرز: انفنیٹی وار‘ کی 63 کروڑ ڈالر کی ’ریکارڈ کمائی‘

اوینجرز اینڈ گیم: مارول کی سنیمائی دنیا کی تشریح

ریلیز ہونے کے بعد اب تک ایوینجرز نے امریکہ میں 64 کروڑ ڈالر کا کاروبار کیا جبکہ دنیا بھر میں اب تک ڈیڑھ ارب ڈالر سے زیادہ کی آمدنی کما چکی ہے۔

ایوینجرز: اینڈ گیم تاریخ میں تیز ترین دو ارب ڈالر کمانے والی فلم بن گئی ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ سنہ 2009 میں آنے والی فلم ‘ایواٹار’ کے پاس تھا جس نے ایک ماہ سے کچھ زیادہ عرصے میں دو ارب ڈالر کمائے تھے۔

فلم

دنیا بھر میں اب تک ایوینجرز اینڈ گیم کی ڈیڑھ ارب ڈالر سے زیادہ آمدنی ہوئی ہے

بکس آفس کی تاریخ میں سب سے زیادہ آمدنی کمانے والی فلم کا اعزاز بھی ایواٹار کے پاس ہے جس نے آج تک 2.78 ارب ڈالر کمائے ہیں اور حسن اتفاق یہ ہے کہ وہ فلم بھی جیمز کیمرون نے بنائی تھی۔

لیکن جس حساب سے ایوینجرز نے باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں اور جس برق رفتاری سے لوگ سنیما گھر کا رخ کر رہے ہیں، یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ یہ صرف کچھ دنوں کی بات ہے کہ تاریخ کی سب سے کامیاب ترین فلم کا اعزاز بھی ایوینجرز: اینڈ گیم کے پاس ہوگا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp