شوبز ڈائری: سنی دیول کا بالاکوٹ پر معصومانہ جواب، اکشے کمار کا کنیڈین پاسپورٹ اور ملائکہ اروڑہ کی ’دبنگ 3‘ سے رخصتی


اپنی فلموں میں پاکستان میں گھس کر وہاں کا کھمبا اکھاڑنے والے سنی دیول اب بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر انڈین پنجاب کے حلقے گرداس پور سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ان کی پیٹھ تھپتھپائی ہے۔

اپنی انتخابی مہم پر نکلنے سے پہلے سنی پاجی کو شاید یہ اندازہ نہیں تھا کہ یہ ان کی کسی فلم کی پروموشن نہیں، بلکہ ملک کے عام انتخابات ہیں اور شاید اسی لیے سنی دیول کو سوشل میڈیا پر بری طرح ٹرول کیا جا رہا ہے۔

سنی پاجی جب میدان فتح کرنے کی مہم پر نکلے تو راستے میں صحافیوں نے بالا کوٹ حملے کے بارے میں سوال پوچھ کر ان کی انتخابی مہم کو پنکچر کر دیا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا بالاکوٹ فضائی حملوں کا الیکشن کے نتائج پر کوئی اثر پڑے گا۔ جواب میں سنی جی سوالیہ نشان بنے ہوئے تھے اور انتہائی معصومیت سے بولے ’کون سی سٹرائکس؟‘۔

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں جانتے لیکن ان کی پیٹھ تھپتھپانے والے مودی جی تو اپنی انتخابی مہم میں بار بار بالاکوٹ کا ذکر کرتے ہیں۔ لگتا ہے سنی پاجی اپنے لیڈر کی باتیں توجہ سے نہیں سنتے۔

یہ بھی پڑھیے

اب بالی وڈ سے مودی کیا چاہتے ہیں؟

’کسی میں ہمیں یہاں سے نکالنے کی ہمت نہیں‘

وویک کی کشتی، ہیما جی کا فوٹو شوٹ

اکشے کمار

اکشے کا دل ہے انڈین، لیکن پاسپورٹ کنیڈین

مودی جی کے پوسٹر بوائے کہلانے والے اکشے کمار بھی آج کل سوشل میڈیا جیالوں کے نشانے پر ہیں۔

مودی حکومت بڑے زور و شور کے ساتھ اکشے کمار کو انڈیا کا آئیڈل بنانے کی مہم پر تھی ،لیکن یہ معلوم ہوا کہ اکشے جی تو انڈین نہیں بلکہ کینڈا کے شہری ہیں۔

یہ بات اس وقت سامنے آئی جب اکشے کی بیگم اور ساسو ماں ووٹ ڈالنے گئیں لیکن اکشے غائب تھے اور اس بارے میں سوالوں کے جواب دینے سے بھی کتراتے رہے۔

اب انٹرنیٹ کا زمانہ ہے۔ بغیر کسی درخواست کے آپ ہر کسی کا شجرا گھر بیٹھے مفت نکال سکتے ہیں۔ جیسے ہی یہ بات سامنے آئی کہ اکشے کے پاس انڈین شہریت ہی نہیں ہے، سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔

انوپم کھیر اور پریش راول کے ساتھ ساتھ بی جے پی کے وفاقی وزیر نے بھی اکشے کی حمایت میں ٹویٹ کرکے معاملے کو رفع دفع کرنے کی کوشش کی۔ اب بےچارے اکشے بار بار اس بات کو دہرا رہے ہیں کہ پاسپورٹ تو کینڈا کا ہے لیکن دل تو پھر بھی ہندوستانی ہے۔

یہ اور بات ہے کہ شاہ رخ خان اور عامر خان کے پاس تو پاسپورٹ بھی انڈین ہے اور دل بھی خالص ہندوستانی ہے پھر بھی بہت لوگ انھیں دوہری شہریت دلوانے پر تلے رہتے ہیں۔

ملائکہ اروڑہ

دبنگ 3: اب کی بار مُنی نہیں منّا بدنام ہوگا

سلمان خان کی نئی فلم انڈیا میں عید کے موقع پر ریلیز کے لیے تیار ہے، جبکہ دبنگ سیریز کی تیسری قسط بھی شروع ہو چکی ہے۔

سلمان کی پوری توجہ ’دبنگ 3‘ پر ہے۔ فلم کی کاسٹ تقریباً وہی ہے، لیکن ونود کھنہ اور ملائکہ اروڑہ شاید اس بار نظر نہیں آئیں گے۔

ونود کھنہ تو اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں، جبکہ ملائکہ نے خان خاندان سے رخصت لے لی ہے۔

دبنگ میں ملائکہ اروڑہ کا آئٹم نمبر ’منی بدنام‘ ہوئی بہت مقبول ہوا تھا، لیکن خبریں ہیں کہ اس بار مُنی نہیں بلکہ منّا بدنام ہونے والا ہے۔ یعنی اس بار سلمان خان خود آئیٹم نمبر میں نظر آئیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32508 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp