انڈیا: پارلیمانی انتخابات کے چھٹے مرحلے کی پولنگ جاری


ریلی

انڈیا کے پارلیمانی انتخابات کے چھٹے مرحلے میں اتوارکی صبح سات ریاستوں کے 59 حلقوں میں پولنگ شروع ہو گئی ہے۔

آج جن ریا ستوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے ان میں اترپردیش کی 14، مدھیہ پردیش کی آٹھ، دلی کے سبھی ساتوں حلقے، ہریانہ کی دس، بہار کی آٹھ، جھارکھنڈ کی چار اوربنگال کی آٹھ سیٹیں شامل ہیں۔ گذشتہ انتخابات میں بی جے پی نے ان میں سے 45 نشستیں حاصل کی تھیں۔

آج دلی کی سبھی سات سیٹوں کے لیے بھی ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ یہاں بی جے پی، ‏عام آدمی پارٹی اورکانگریس کے درمیان سہ رخی مقابلہ ہے۔ انتخاب لڑنے والے اہم رہمناؤں میں سابق وزیر اعلی شیلا دکشت، کرکٹ کھلاڑی گوتم گمبھیر اور آتشی شامل ہیں۔

اتر پردیش میں اعظم گڑھ سے سابق وزیر اعلی اورسماجوادی پارٹی کے رہنما اکھیلیش یادو، سلطان پور حلقے سے بی جے پی کی مینکا گاندھی اور پیلی بھیت سے ان کے بیٹے ورون گاندھی انتخاب لڑ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

غلط ووٹ ڈالنے پر آدمی نے اپنی انگلی کاٹ لی

مسلمان اب کسی کا ووٹ بینک نہیں

https://twitter.com/ANI/status/1127395561865453569

بھوپال میں کانگریس کے رہنما اور سابق وزیراعلی دگ وجے سنگھ کا مقابلہ بی جے پی کی امیدوار پراگیہ سنگھ سے ہے جن پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

اس مرحلے کی انتخابی مہم میں وزیر اعظم نریندرمودی نے راہل گاندھی کے آنجہانی والد اور سابق وزیر اعظم راجیوگاندھی پر شدید حملے کیے تھے اور انھیں ‘بدعنوان نمبر ون’ قرار دیا تھا۔ مودی نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ راجیو نے انڈین بحریہ کے جہاز کو اپنی فیملی کی چھٹیاں منانے کے لیے استعمال کیا تھا۔

بنگال میں حکمراں ترنمول کانگریس کی رہنما ممتا بینرجی اوربی جے پی کے درمیان انتخابی مہم انتہائی تلخ رخ اختیارکرچکی ہے۔ ممتا بینرجی نے کہا کہ وہ مودی کو اپنا وزیر اعظم نہیں مانتیں اور جمہوریت انھیں سبق سکھائے گی۔

پولنگ سے ایک روز قبل کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ الیکشن کمیشن حکومت کے دباؤ میں کام کر رہا ہے۔ یہ الزام حزب اختلاف کی دوسری جماعتیں بھی عائد کر چکی ہیں۔

پارلیمانی انتخاب کا اب صرف ایک اورمرحلہ باقی ہے۔ 19 مئی کو آخری مرحلے میں بھی 59 سیٹوں پر پولنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی پورے ملک میں ایک ساتھ 23 مئی کی صبح شروع ہو گی۔ لیکن اس بار نتائج آنے میں نسبتاً تاخیرہوسکتی ہے۔ کیونکہ ہر پارلیمانی حلقے میں الکٹرانک مشینوں کے ووٹ کے ساتھ ساتھ پانچ مشینوں پرکاغذ پردرج کیے گئے ووٹوں کی گنتی بھی کی جائے گی۔

لیکن انتخابات کے نتیجوں کا کچھ اندازہ ووٹنگ کے آخری مرحلے کے روز 19 مئی کی شام میں ہو جائے گا جب ملک کے کئی ٹی وی چینل اور اخبارات پولنگ ختم ہونے کے فوراً بعد انتخابات کے ایگزٹ پولز جاری کریں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp