’ایران پابندیوں کی وجہ سے سخت دباؤ میں ہے’


ایران

ایران میں تواتر کے ساتھ امریکہ مخالف مظاہرے ہو رہے ہیں

ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ملک ایسے سخت دباؤ کا شکار ہے جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ ایرانی صدر کے مطابق امریکہ کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں نے معاشی صورتحال کو 1980-88 میں عراق کے ساتھ جنگ کے دوران معاشی حالات سے بھی ابتر بنا دیا ہے۔

صدر روحانی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے اور پچھلے ہفتے امریکہ نے جنگی طیاروں اور بحری جہازوں کو خلیج میں بھیجا ہے۔

صدر روحانی کے لیے اس وقت ملک کے سیاسی حالات سازگار نہیں ہیں مگر انہوں نے ملک میں سیاسی قوتوں سے پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔

امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے 2015 میں اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے پانچ رکن ممالک اور جرمنی کے ساتھ کیے جانے والے جوہری معاہدے کے برقرار رہنے کے بارے میں خدشات ہیں۔

پچھلے سال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یک طرفہ طور پر اس معاہدے سے علیحدگی اختیار کرلی اور ایران پر ایک بار پھر پابندیاں عائد کر دیں۔ اس کے ردعمل میں ایران نے اشارہ دیا کہ اگر معاہدے میں شامل دیگر فریق بھی امریکہ کے ساتھ ملے تو وہ اپنے جوہری پروگرام کو دوبارہ شروع کر دے گا۔

صدر روحانی

صدر روحانی پر دباؤ اُس وقت سے بڑھ رہا ہے جب سے جوہری معاہدہ میں دراڑیں پڑنا شروع ہوئیں

ایران پر کیا دباؤ ہے؟

جب سے امریکہ نے جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیار کی ہے تب سے صدر روحانی ذاتی طور پر بھی ملک کے سخت گیر حلقوں کے دباؤ میں ہیں۔ امریکی پابندیوں سے ملک میں توانائی، شپنگ اور اقتصادی صنعت مشکلات کا شکار ہیں اور تیل کی برآمدات متاثر ہوئی ہیں۔ نتیجتاً ملک میں سرمایہ کاری نہیں کی جا رہی۔ پابندیوں کی وجہ سے نہ صرف امریکی کمپنیاں ایران سے کاروبار نہیں کر سکتی بلکہ ایسی غیرملکی کمپنیوں سے بھی کاروبار نہیں کرسکتیں جو ایران کے ساتھ کاروبار کریں۔ آئی ایم ایف کے مطابق 2019 میں ایران کی معیشت میں چھ فیصد کمی آسکتی ہے۔

پچھلے مہینے امریکہ نے ایران کے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا۔ ایران بار بار امریکی اقدامات کے خلاف خلیج اومان اور خلیج فارس کے درمیان آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی دھمکی دیتا رہا ہے۔ یہاں سے دنیا بھر میں استعمال ہونے والے تیل کا پانچواں حصہ لے جایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ایران کے پاسداران انقلاب دہشت گرد قرار

ایران سے خطرہ: امرکی جنگی بیڑا خلیجِ فارس میں تعینات

امریکہ کیا چاہتا ہے؟

ٹرمپ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ وہ ایران کو نیا معاہدہ کرنے پر مجبور کرے جس میں نہ صرف ملک کا جوہری پروگرام بلکہ بلیسٹک میزائل پروگرام بھی شامل ہو کیونکہ امریکی حکام کے مطابق اس سے مشرق وسطی کو خطرہ ہے۔

امریکہ اپنا پیٹرئٹ میزائیل دفاعی نظام مشرق وسطی بھیج رہا ہے۔ اس کے علاوہ امریکی بی52 بمبار بھی قطر کے ایک فضائی اڈے پر پہنچ گئے ہیں۔

یو ایس ایس آرلنگٹن

یو ایس ایس آرلنگٹن خلیج میں یو ایس ایس ابراہیم لنکن کے ساتھ شامل ہو جائے گی

امریکی کی جانب سے یہ خطے میں ایران کی جانب سے امریکی فورسز کو ممکنہ خطرے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ ایران نے ان دعوؤں کو رد کیا ہے۔

گزشتہ ہفتے ایران نے جوہری معاہدے کے تحت دو وعدوں پر عمل کو معطل کرنے کا اعلان کیا اور یورینیم کی افزودگی دوبارہ شروع کرنے کی دھمکی بھی دی ہے اگر اسے پابندیوں کے اثرات سے بچانے کے لیے 60 دن کے اندر اندر کچھ نہ کیا گیا۔

یورپی طاقتوں کے مطابق وہ معاہدے پر قائم ہیں لیکن اس کو ختم ہونے سے بچانے کے لیے ایرانی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp