مانچسٹر سٹی ایک بار پھر پریمیئر لیگ کی فاتح


مینچسٹر سٹی

مینچسٹر سٹی برائٹن کو ہرا کر پریمیئر لیگ کے چیمپیئن بنے

انگلش فٹبال کلب مانچسٹر سٹی نے صرف ایک پوائنٹ کے فرق سے پریمیئر لیگ ٹائٹل جیت لیا ہے۔ اپنے ٹائٹل کا دفاع کرتے ہوئے لیگ کے آخری میچ میں مانچسٹر سٹی نے برائیٹن کے خلاف 4 گول کیے جو جواب میں صرف ایک گول کر سکی۔ اس جیت کے ساتھ مانچسٹر سٹی کو 98 پوائنٹس حاصل ہوئے۔ گو کہ پچھلے بار سٹی نے 100 پوائنٹس حاصل کر کے لیگ جیتی تھے مگر یہ کامیابی انتہائی تسلی بخش ہوگی کیونکہ فتح کے لیے سٹی کا لیورپول سے سخت مقابلہ رہا۔

دوسری نمبر پر آنے والے کلب لیورپول نے 38 میچز میں 97 پوائنٹ حاصل کیے اور لیگ کی تاریخ میں دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیم بھی بنی ۔ گو کہ لیورپول پریمئر لیگ نہ جیت پائی مگر وہ انگلش کلب ٹوٹنھم کے خلاف یورپین چیئمپینز لیگ کا فائنل کھیلے گی۔

گارڈیولا

گارڈیولا یکے بعد دیگرے پریمیئر لیگ جیتنے والے چنیدہ مینجرز کی فہرست میں شامل ہو چکے ہیں

دوسری جانب فاتح مانچسٹر سٹی ایف اے کپ کے فائنل میں کھیلے گے جو اب سے تقریباً ایک ہفتہ بعد کھیلا جائے گا۔ اس سے پہلے انگلش فٹبال لیگ کے کاراباؤ کپ کے فائنل میں چیلسی کو ہرا کر مانچسٹر سٹی فاتح قرار پائی تھی۔

جب ہسپانوی کوچ پیپ گارڈیولا نے پریمیئر لیگ میں مانچسٹر سٹی کی کمان سنبھالی تو ماہرین اس بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کرتے رہے کہ وہ بارسلونا اور بائرن میونخ جیسے کلبوں جیسی کامیابیاں مانچسٹر سٹی کو شاید نہ دلا پائیں۔ پہلا سیزن گارڈیولا کے لیے مشکل رہا لیکن اس بار لیگ جیت کر وہ پریمیئر لیگ کی تاریخ میں ایلکس فرگوسن اور جوزے مورینیو کے شانہ بشانہ ہیں اور ان مینیجرز کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں جنہوں نے یکے بعد دیگرے پریمیئر لیگ جیتی۔

اتنی کامیابیوں کے باوجود گیرڈیولا کو یقین ہے کہ سٹی پہلے سے بہتر ہو سکتی ہے اور وہ 21-2020 تک کے لیے کلب کے ساتھ رہنے کا معاہدہ کرچکے ہیں۔ ان کے مطابق جب اُن کو لگے گا کہ وہ اپنی ٹیم کو مزید پہتر نہیں بنا سکتے تو وہ کلب چھوڑ کر چلے جائیں گے بالکل ویسے جیسے انہوں نے بارسلونا اور بائیرن میونخ کے ساتھ کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp