بھارتی انتخابات کے دوران پیلی ساڑھی والی خاتون افسر کون ہے؟


بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے دوران پیلی ساڑھی والی خاتون افسر کے چرچے پھیل گئے ہیں۔ خوب سج سنور کر الیکشن ڈیوٹی کرنے والی خاتون افسر بھارت میں سوشل میڈیا سٹار بن چکی ہیں۔

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر دیوریا سے تعلق رکھنے والی رینا دیویدا ان دنوں پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں، انہیں ریاست کے دارالحکومت لکھنؤ میں پولنگ افسر تعینات کیا گیا ہے ۔ الیکشن ڈیوٹی کے دوران 5 مئی کو ایک صحافی نے رینا دیویدا کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ ہر طرف سے سوال کیا گیا کہ ’ پیلی ساڑھی والی یہ خاتون افسر کون ہے؟‘۔

ایک انٹرویو کے دوران رینا دیویدا نے بتایا کہ انہیں بچپن سے ہی فوٹو شوٹ کرانے اور خود کو بنا سنوار کر رکھنے کا شوق ہے۔ وہ ڈیوٹی پر خوب تیار ہو کر جاتی ہیں اور ایسے کپڑوں کا انتخاب کرتی ہیں جن سے وہ خوبصورت نظر آئیں۔ رینا کے مطابق انہیں بھوجپوری فلموں میں کام کی آفر بھی ہوچکی ہے لیکن وہ اسے مسترد کرچکی ہیں۔ تاہم اگر انہیں بالی ووڈ سے کوئی آفر آئی تو اسے قبول کرنے میں ہچکچکاہٹ کا شکار نہیں ہوں گی۔

رینا دیویدا کے شوہر کا انتقال ہوچکا ہے اور وہ اپنے 13 سالہ بیٹے کے ساتھ رہتی ہیں۔ اپنی تصویروں کی وجہ سے پورے بھارت میں مشہور ہونے والی رینا دیویدا گاہے اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتی رہتی ہیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جس پولنگ بوتھ پر رینا دیویدا کی بطور پولنگ افسر ڈیوٹی لگائی گئی تھی اس کا ووٹر ٹرن آﺅٹ 95 فیصد رہا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).