نواز شریف کی حمایت جمہور کی بالادستی کے بیانیے سے جڑی ہے


حامی تو حامی ہوتے ہیں اور مخالف برائے مخالفت۔ کم از کم پاکستان میں تو یہی رواج ہے کہ اپنے سیاسی رہنما کی ہر بات اچھی ہوتی ہے۔ وہ اگر کچھ غلط بھی کرے تو حامی کا کام ہے، اس کی مکمل حمایت کرنا۔ اور مخالف کا کام ہے کہ مخالف سیاسی رہنما کے اچھے کام کی بھی کسی غلط اقدام کی طرح مخالفت کرنا۔ اہمیت اس بات کی ہوتی ہے کہ غیر جانبدار افراد اور شخصیات کس کے موقف کو درست قرار دیتے ہیں۔

نواز شریف نے وزیر اعظم کی حیثیت سے معاملات افہام و تفہیم سے چلانے کی پوری کوشش کی لیکن انہیں بھی اندازہ نہیں تھا کہ پارلیمنٹ کو ربڑ سٹیمپ بنائے رکھنے اور ملکی فیصلوں میں غیر متعلق قرار دینے کی داعی قوتیں اتنا آگے چلی جائیں گی، جس سے بد ترین سیاسی تخریب کاری کے ذریعے ملک کو یوں عدم استحکام کا شکار کیا جائے گا، کہ اقتصادی بحران سے دو چار کرتے ہوئے ملک میں غیر یقینی اور انتشار کو ہوا دینے کے سازشانہ اقدامات کیے جائیں گے۔ ملک پر نئے انداز کے اس قبضے کو مضبوط بنانے کے لئے سیاسی سازش اور ملک پر غاصبانہ قبضے کے منصوبے پر مرحلہ وار عمل درآمد کیا گیا۔ اس صورتحال کا منظر نامہ اب واضح ہو کر سامنے آ چکا ہے۔

پیپلز پارٹی نے بار ہا کھلے پیغامات دیے کہ ان کا وجود تسلیم کرنے کی صورت، وہ بھی موجودہ قائم کردہ نظام کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں، لیکن سیاسی بنیادوں پر کی جانے والی سرکاری تادیبی کارروائیوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو ملک میں قائم کردہ نظام اور حکومت کی سخت مخالفت کے اظہار پر مجبور ہونا ہی پڑا۔ اسی سوچ کے پیرو کار مسلم لیگ (ن) میں بھی نظر آنے لگے کہ نئی صورتحال میں قبولیت کے اظہار کے ساتھ نئے نظام اور حکومت سے تعاون کی راہ اپنائی جائے۔

نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کے بعد افواہیں گردش کرنے لگیں اور حکومت کی طرف سے بھی ”ڈیل یا ڈھیل“ کو قبول نہ کرنے کے بیانات سے یوں محسوس ہونے لگا کہ شاید نیا نظام اور حکومت کے تشکیل کاروں سے معاملات طے کیے جا سکتے ہیں۔ شہباز شریف کی لندن روانگی اور نواز شریف کی ضمانت پر رہائی سے ان افواہوں کو مزید تقویت حاصل ہوئی کہ نواز شریف بھی ”ڈیل“ کر کے لندن چلے جائیں گے اور پھر واپس نہیں آئیں گے، تا کہ ملک میں ’من مانی‘ پر مبنی نئے سیاسی ماحول کو تقویت پہنچائی جا سکے۔ لیکن نواز شریف کی ہنستے ہوئے ایک جلوس کے ساتھ جیل واپسی کے عمل میں اسٹیبلشمنٹ کی پریشانی کے واضح اظہار سے یہ صورتحال سامنے آئی کہ نہ تو نواز شریف کو توڑا جا سکا ہے اور نہ ہی نواز شریف نے ہتھیار ڈالے ہیں۔

اسٹیبلشمنٹ کو نواز شریف کے ان حامیوں سے کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوتا، جو نواز شریف سے شخصی محبت کے نعرے لگاتے ہیں۔ خوفزدگی کا عالم اہل عقل و دانش، معتبر اہل قلم کی اس حمایت سے ہے جو وہ ملک کے بہترین مفاد میں، ملک کو حقیقی طور پر آئین کے دائرہ کار کے مطابق چلانے، دفاع و خارجہ امور سمیت تمام پالیسیوں میں پارلیمنٹ کی حقیقی بالا دستی اور اداروں کو اپنے اپنے آئینی دائرہ کار میں رکھے جانے کے مطالبے کی وجہ سے نواز شریف کے موقف کی حمایت رکھتے ہیں۔

ملک کے نظام اور حکومت کو جتنا مضبوط ظاہر کیا جا رہا ہے، اتنی ہی اس کی کمزوری نمایاں ہو کر سامنے آ رہی ہے۔ ملک میں سرکاری جبر اور خوف کے ہتھیاروں سے میڈیا کو مکمل طور پر کنٹرول کرنے کے باوجود سوشل میڈیا اور میڈیا ویب سائٹس کے پلیٹ فارم سے ہونے والے آزادی اظہار کو دبایا اور خوفزدہ نہیں کیا جا سکا ہے۔ اخبارات اور نجی ٹی وی چینلز کو مکمل کنٹرول میں لانے کے باوجود سوشل میڈیا، نیوز ویب سائٹس کے ذریعے اہل عقل و دانش، اہل قلم کی غیر جانبدارانہ اور ملک و عوام کے وسیع تر مفاد میں آئین اور پارلیمنٹ کی حقیقی بالادستی کی مضبوط آواز نواز شریف کے مطالبے سے ہم آہنگ نظر آتی ہے۔ کیونکہ اس کے علاوہ دیگر راستے ماضی کے نا کام تجربات کے اعادے کے طور پر ہی دیکھے جا رہے ہیں، جن کے تباہ کن اور ہولناک نتائج نہ تو عوام اور نہ ہی ملک کی لئے برداشت کیے جانے کی سکت باقی ہے۔

ملک میں سیاسی مخالفت کو ملک دشمنی سے تعبیر کرتے ہوئے طاقت کی بنیاد پر سزا یاب کرنے کی کارروائی ملک و عوام کے لئے سنگین ترین صورتحال اور بھیانک نتائج کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے۔ ملک میں سیاست کو ما تحت، تابع فرمان اور کمزور رکھنے اور سیاسی معاملات طاقت کی بنیاد پر طے کرنے کی کارروائیاں پاکستان کی جڑوں پر حملے کے مترادف ہو سکتی ہیں۔ یہ سیاست ہی کا اعجاز ہوتا ہے کہ بد ترین مخالفین اور ملک کے منافی رویہ اپنانے والوں کو بھی قومی دھارے میں واپس لایا جا سکتا ہے۔ لیکن ایسا با اختیار سیاست ہی کر سکتی ہے، ماتحت اور کمزور سیاست نہیں۔

نواز شریف کے موقف کو ملک کے اہل عقل و دانش، معتبر اہل قلم کی حمایت حاصل ہے۔ یہ حمایت اس لئے اور اس وقت تک ہے جب تک نواز شریف ملک کی غاصب قوت کے خلاف پارلیمنٹ کی بالا دستی کے عزم پر قائم ہیں۔ نواز شریف کو جیل کی قید قبول ہے لیکن عوامی بالادستی کے اس مطالبے سے دستبردار ہونے کو آمادہ نہیں جو پاکستان کے استحکام، ترقی اوربقا کے لئے نا گزیر ہے۔ پاکستان کے اہل عقل و دانش، معتبر اہل قلم پاکستان کو آئین کے مطابق حقیقی طور پر چلانے کی وکالت، ملک کے وسیع تر مفاد میں کر رہے ہیں اور اسی سے نواز شریف کو وہ حمایت حاصل ہو جاتی ہے جو اسٹیبلشمنٹ کے مفتوح پاکستان کے منصوبوں کو نا کامی سے ہم کنار کر سکتی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ اپنے کمزور موقف کی دلیل سے وکالت نہیں کر پا رہی، جبکہ نواز شریف کا بیانیہ مضبوط دلائل اوروسیع حمایت کا حامل ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).