نئے پاکستان میں سب کچھ پرانا


مولوی صاحب دوپہر کے کھانے کے وقت گھر پہنچے تو گھر مرغے کے سالن کی خوشبو سے مہک رہا تھا۔ کھانا سامنے آیا تو حیران ہوئے کہ پلیٹ میں مرغے کے گوشت کا سالن پڑا تھا۔ بیگم سے پوچھا آج یہ مرغے کا سالن کیسے؟ ہمارے گھر تو کوئی شاگرد دال بھی لا کر نہیں دیتا۔ ماجرا کیا ہے؟ بیگم نے کہا کہ یہ مرغا نجانے کہاں سے اڑ کر ہمارے گھر میں آن کودا تھا۔ میرے قابو میں آیا تو پہلے بہت انتظار کیا کہ شاید کوئی اس کی تلاش میں گھر تک آئے۔ جب کوئی نہ آیا تو میں نے اسے ذبح کیا اور آپ کے لئے پکا لیا۔ نہ جانے کتنی مدت بعد گوشت کھا رہے ہیں اور وہ بھی دیسی مرغے کا۔ مولوی صاحب یہ سن کر بہت پریشان ہو گئے کہنے لگے، اللہ کی بندی ایسا کرنا تو حرام ہے، یہ تو نے کیا کیا۔ بیگم نے پلیٹ اٹھائی اور واپس دیگچی میں ڈال دی۔ کہنے لگیں تھوڑا انتظار کر لیں، گھر میں دال پڑی ہے میں وہی پکائے دیتی ہوں۔ ایک تو مرغے کے سالن کی مہک کیا کم تھی کہ اس پر بھوک اور وہ بھی قیامت کی۔

مولوی صاحب کہنے لگے، اچھا ایسا کرو مرغے کے سالن کا شوربہ ہی پلیٹ میں نکال دو۔ اللہ بڑا معاف کرنے والا ہے۔ اطاعت شعار بیگم نے پلیٹ دوبارہ پکڑی اور پلیٹ میں شوربہ الٹنے لگی۔ شوربے کے بہاؤ میں مرغے کی ایک ٹانگ بھی بہتی ہوئی پلیٹ میں آ گئی۔ بیگم صاحبہ نے اسے اٹھا کر جب دیگچی میں ڈالنا چاہا تو مولوی صاحب کی رال ٹپک کر گرنے والی تھی کہ اس کو اندر ہی اندر نگل کر جلدی سے بیگم سے کہنے لگے کہ ارے ”جھلی“ (پگلی) ، جو خود سے آ رہی ہے، اسے تو آنے دے۔

تازہ ترین خبروں کے مطابق وفاقی کابینہ نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی منظوری دے دی ہے، جس سے فائدہ اٹھانے کے لیے 30 جون تک کی مہلت دی گئی ہے۔ اسکیم کے تحت ملک اور بیرون ملک موجود رقوم اور جائدادیں ظاہر کرنے پر 4 فیصد رقم جمع کرانی ہو گی، رقم بہر صورت بینکوں میں جمع کرانی ہو گی، پیسہ پاکستان نہ لانے پر 6 فیصد رقم قومی خزانے میں جمع ہو گی، جائداد کی مالیت ایف بی آر ویلیو سے ڈیڑھ گنا زیادہ تسلیم کی جائے گی اور اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کے لیے ٹیکس ریٹرنز دینا لازمی ہو گا۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر بریفنگ دی گئی۔ اختلاف رائے کہاں اور کس بات میں نہیں ہوتا لیکن دلچسپ بات یہ ہے وزیر اعظم کی اس اسکیم اور رائے کو کابینہ نے اتفاق رائے منظور کر لیا۔ ظاہر ہے جس میں سب کا بھلا ہو، وہ بات کس کو بری لگتی ہے۔

زبان کا وزن چند تولہ ہی ہوتا ہے لیکن اس میں اتنی طاقت اور قوت ہوتی ہے کہ زمین پھاڑ سکتی ہے اور ساتوں آسمان ہلا کر رکھ سکتی ہے۔ کسی کی تعریف کرنے پر آ جائے تو اس کے لئے اوجِ ثریا و برجیس بھی کم اور جس کی مذمت پر اتر آئے تو تحت الثریٰ کی گہرائی بھی شرمندگی محسوس کرنے لگے۔ آج جس اسکیم کی توجیہات و توصیفات میں زمین و آسمان ایک کیے جا رہے ہیں، کل اس میں سے ایسے ایسے کیڑے نکالے جا رہے تھے کہ ان کی شکلیں دیکھتے ہی قے کے ساتھ کلیجہ بھی باہر نکل پڑتا تھا۔

موجودہ حکومت اپنی بات سے پھر جانے میں اپنا ثانی نہیں رکھتی۔ دس ماہ حکومت کرنے کے دوران وہ کون سی بات ہے جس کے خلاف موجودہ حکومت نے عوام کا ذہن تیار نہ کیا ہو اور پھراسی بات کو اپنانے پر مجبور نہیں ہو گئی ہو۔ بے شک حالات اکثر انسان کو وہی کچھ کرنے پر مجبور کر دیتے ہیں جس کا وہ شدید مخالف رہا ہوتا ہے لیکن جب جب بھی وہ ایسا کرنے پر مجبور ہوتا ہے وہ دوباتیں ضرور کرتا ہے۔ ایک یہ کہ اپنے پہلے کہے کی معذرت ہر اس فرد سے ضرور کرتا ہے جس کے سامنے اس نے ایسا نہ کرنے کا دعویٰ کیا ہوا ہوتا ہے اور دوئم یہ کہ وہ شرمندگی کا اظہار کرتا ہے لیکن موجودہ حکومت اور اس کو سپورٹ کرنے والے نہ تو اپنی کسی عہد شکنی پر معذرت خواہ ہوتے ہیں اور نہ ہی کسی شرمندگی کا اظہار کرتے ہیں بلکہ اس کے بر عکس پلٹ جانے (یوٹرن) کو دانشمندی ثابت کرنے پر کمر بستہ ہو جاتے ہیں۔

یہ وہی ”ٹیکس ایمنسٹی اسکیمیں“ ہیں جو ماضی میں بھی ایک لعنت کی صورت میں پاکستان میں چوروں، اچکوں اور ڈاکوؤں کے لئے منظور کی جاتی رہی ہیں۔ چاروں ہاتھوں پیروں سے لوٹے ہوئے کالے دھن کو سفید بنا کر ڈاکوؤں کو معزز شہری بنانے کا یہ گھناؤنا قانون لائق نفرت ہی نہیں قابل تعزیر بھی ہے۔ مجھے وہ عمران خان صاحب اچھے لگتے تھے جنھوں نے یہ اعلان کیا تھا کہ ماضی میں جن جن افراد کو ایسے کسی سیاہ قانون کے تحت گورا چٹا بنایا گیا ہے میں ان سب کا سخت احتساب کروں گا اور ان کو سخت سزائیں دوں گا لیکن وہ عمران خان صاحب تو پرانے پاکستان والے تھے، نئے پاکستان کے عمران خان ”خانِ خام“ بلکہ خانِ خوامخواہ بھی ثابت نہیں ہو پا رہے۔ ماضی میں جو جو کام، اقدامات، اور اسکیمیں پاکستان کی تباہی و بردادی میں شمار کی جاتی تھیں وہ سب کی سب حال میں جائز، حلال اور پاکستان کی ترقی کی ضامن بنا کر اپنائی جا رہی ہیں۔

قرض حلال ہوا، ڈالر کی قدر میں اضافہ جائز ہوا، پیٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ وقت کی ضرورت بنا، گیس، بجلی پانی، کھانے پینے کی اشیا، جہازوں، ٹرینوں اور بسوں کے کرایوں میں اضافہ حکمت عملی قرار پائی۔ وہ تمام پارٹیاں جو ملک کی دولت کی لوٹا لاٹی میں شریک تھیں ان کے سارے ڈاکو شامل حکومت کیے گئے، را کے ایجنٹ ”نفیس“ ہو گئے اور جن عسکری قوتوں کے بجٹ تک قابل آڈٹ اور مختصر کیے جانے کا شور تھا وہ سارا شور سمندر کے طوفان کی طرح اٹھا اور جھاگ کی طرح بیٹھ گیا۔

اگر یہ سارے کام جو اب علی الاعلان کیے جا رہے ہیں، یہ سارے یو ٹرنز اگر حکمت عملیوں کی نشانیاں ہیں اور ساری مہنگائی ملک کی معیشت کی بحالی کے لئے لازمی و ضروری تھی تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہی ساری مجبوریاں دوسروں کے ساتھ بھی رہی ہوں گی۔ اگر یہ ساری مجبوریاں دوسروں کا جرم اور ظلم تھا تو وہی سب کچھ اب قانون اور رحم دلی کیسے بن گیا۔ اگر یہ سب کچھ پاکستان کے کے لئے جزولاینفک تھا تو پھر ”نیا پاکستان“ کہاں کھڑا ہے؟

یہ ہے وہ سوال جس کا جواب ہر پاکستانی عمران خاں صاحب آپ سے کر رہا ہے اور جوں جوں وقت گزرتا گیا اور پرانے پاکستان کی ساری روایتیں پہلے سے بھی کہیں زیادہ شد و مد کے ساتھ اپنائی جاتی رہیں، انسان تو انسان، در و دیوار بھی موجودہ حکومت سے یہی سوال کرتے نظر آئیں گے۔ اس سے پہلے کہ خود موجودہ حکمرانوں کا اپنا رواں رواں چیخ چیخ کر یہ سوال کرنے لگے، ضروری ہے کہ نئے پاکستان کا جو خواب عوام کی آنکھوں میں سجایا گیا تھا اس کی جانب پیش قدمی کی جائے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ پوری قوم ہی عوامی رہنماؤں پر اپنا اعتماد کھو بیٹھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).