انگلینڈ کی ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت


امام الحق

امام الحق سے پاکستان کو ایک مرتبہ پھر ایک بڑی اننگز کی امید ہے

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین پانچ ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ جمعے کو ناٹنگھم میں کھیلا جا رہا ہے۔

انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی ہے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پاکستان کی جانب سے تیسرے ون ڈے میں سنچری بنانے والے امام الحق اور فخر زمان اننگز کا آغاز کریں گے۔

انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم کے ریگولر کپتان اوئن مورگن یہ میچ نہیں کھیل رہے۔ وہ تیسرے ون ڈے میں ٹیم کے سلو اوور ریٹ کی وجہ سے ایک میچ کے لیے معطل کر دیے گئے تھے۔

انگلینڈ نے اس میچ کے لیے معطل کپتان اوئن مورگن کی جگہ ٹیم میں آنے والے جوس بٹلر کے علاوہ چار مزید تبدیلیاں کی ہیں اور عادل رشید، جوفرا آرچر، جیمز ونس اور مارک وڈ بھی یہ میچ کھیل رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

دلچسپ میچ میں پاکستان کو شکست

اوول میں پھر بارش، میچ بغیر نتیجے کے ختم

’یہ سورج انگلینڈ میں ہی ڈوب تو نہ جائے گا‘

کوئی ہے جو مورگن کو آؤٹ کر دے؟

پاکستان نے بھی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں اور محمد حفیظ، شعیب ملک کے علاوہ نوجوان فاسٹ بولر محمد حسینین بھی پہلی مرتبہ اس سیریز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

تاہم چکن پاکس کا شکار ہونے والے فاسٹ بولر محمد عامر یہ میچ بھی نہیں کھیل رہے۔

اب تک سیریز میں انگلینڈ کو دو صفر کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا تاہم دوسرے ون ڈے میں انگلینڈ نے 12 رنز جبکہ تیسرے میچ میں چھ وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔

ٹرینٹ بریج کے اس گراؤنڈ میں ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کے دو بڑے سکورز بن چکے ہیں۔ تین برس قبل انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف تین وکٹوں کے نقصان پر 444 رنز بنائے تھے۔ جبکہ گذشتہ برس انگلینڈ نے ہی اپنے روایتی حریف آسٹریلیا کے خلاف 481 رنز کا ٹوٹل بنایا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp