قمرالزمان کائرہ کا جواں سال بیٹا ٹریفک حادثے میں ہلاک


پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمرالزمان کائرہ کا نوجوان بیٹا ٹریفک کے حادثے میں جان بحق ہو گیا ہے۔

پیپلز پارٹی پنجاب وسطی کے صدر قمر الزمان کو اپنے جواں سال بیٹے کی ٹریفک حادثے میں ہلاک ہونے کی خبر اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ملی۔ قمر الزمان پریس کانفرنس ختم کر کے فوراً لالہ موسی روانہ ہو گئے۔

قمر الزمان کا بیٹا اسامہ قمر گورنمنٹ کالج لاہور میں زیر تعلیم تھا اور ان کا انتقال لالہ موسیٰ میں ہونے والے ٹریفک حادثے میں ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے قمر الزمان کائرہ کے جواں سال بیٹے کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور غمزدہ والدین اور خاندان کے صبر کی دعا کی۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھی پی پی رہنما کے جواں سال بیٹے کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں کائرہ فیملی کے ساتھ ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے قمر زمان کائرہ سے ان کے بیٹے کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جواں سال بیٹے کے انتقال کی اندوہناک خبر سن کر شدید صدمہ ہوا، خدا سے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہوں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جواں سال اسامہ قمر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے سوگوار والدین کے لیے ناقابل تلافی صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp