پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: پاکستان کے سامنے کرو یا مرو کی حالت


پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچواں اور آخری ایک روزہ میچ لیڈز میں شروع ہو رہا جس میں پاکستان کے لیے اپنی ساکھ بچانے کا آخری موقع ہے وہیں انگلینڈ کلین سویپ کی کوشش کرے گا۔

ابھی تک جتنے میچز ہوئے ہیں ان میں پاکستان کو شکست کا سامنا رہا ہے۔

پچز میں بولروں کے لیے کوئی مدد نہیں ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ دونوں ٹیمیں ہر بار 300 رنز سے زیادہ سکور کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ اس سے قبل شاید ہی کبھی پاکستان نے مسلسل اتنے رنز بنائے ہوں۔ پاکستان مسلسل 340 سے زیادہ رنز بنانے والی پہلی ٹیم بنی ہے جبکہ انگلینڈ دوسری ٹیم بنی۔

ابھی تک انگلینڈ کو تین صفر کی برتری حاصل ہے جبکہ ایک ميچ بے نتیجہ ثابت ہوا ہے۔ اس میچ کے ساتھ ورلڈ کپ سے پہلے دونوں ٹیموں کی اہم تیاروں کا سلسلہ بھی ختم ہو جائےگا۔

پاکستان نے اگر ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں فیلڈنگ میں قدرے بہتری دکھائی ہوتی تو یہ میچ انتہائی اہم ہوتا اور سیریز کا دارومدار بہت حد تک اس میچ پر ٹکا ہوتا۔ پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے اس کا برملا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں اپنی فیلڈنگ میں بہتری لانی ہوگی۔

انگلینڈ کی ٹیم کے خیمے سے یہ اشارے مل رہے ہیں کہ لیڈز میں وہ اپنی مضبوط ترین ٹیم کے ساتھ اتریں گے جس کا مطلب ہے کہ انھیں کپتان ایون مورگن اور اوپنر جانی بیرسٹو خدمات حاصل ہوں گی۔

البتہ جیسن رائے کا کھیلنا مشکوک ہے جس کا مطلب ہے جیمس ونس کو پھر سے موقع ملے گا۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر امام الحق کا کھیلنا بھی مشکوک ہے لیکن کپتان سرفراز کا کہنا ہے ک ٹرینٹ برج میں ان کی کہنی پہ بس ہلکی سی خراش آئی تھی۔

موسم کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ زیادہ تر ابر آلود موسم ہوگا لیکن بارش کے امکانات کم ہی ہیں۔

پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 373 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان مقررہ اوورز میں 361 رنز بنا سکی۔

تیسرے میچ میں پاکستان نے 358 رنز بنائے جسے انگلینڈ نے بہ آسانی حاصل کر لیا۔ چوتھا مقابلہ آخری اوور تک گیا اور پاکستان کے 340 رنز کا ہدف حاصل کرکے انگلینڈ نے سیریز جیت لی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32552 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp