پاکستانی کرکٹر آصف علی کی کینسر میں مبتلا بیٹی وفات پا گئیں


آصف علی

PCB
آصف علی کی بیٹی میں کینسر کی تشخیص رواں اس وقت ہوئی تھی جب آصف پی ایس ایل کھیل رہے تھے

پاکستانی کرکٹر آصف علی کی کینسر کے مرض میں مبتلا بیٹی امریکہ میں دورانِ علاج وفات پا گئی ہیں۔

دو سالہ نور فاطمہ کا کینسر چوتھی سٹیج پر تھا اور انھیں گزشتہ ماہ علاج کے لیے امریکہ منتقل کیا گیا تھا۔

نور فاطمہ کے کینسر کے بارے میں خبریں رواں برس پاکستان سپر لیگ کے دوران سامنے آئی تھیں جب پی ایس ایل میں آصف کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اس بارے میں بات کی تھی۔

بعد ازاں خود آصف علی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ ان کی بیٹی کو کینسر کا موذی مرض لاحق ہے اور وہ چوتھی سٹیج پر ہے۔

انھوں نے ہی کہا تھا کہ نور فاطمہ کو علاج کے لیے امریکہ لے جایا جا رہا ہے۔

https://twitter.com/SMQureshiPTI/status/1130236658211840003

آصف علی اس وقت پاکستانی ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ میں موجود ہیں اور ان کی بیٹی کی وفات پر کرکٹرز کے علاوہ پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

پی ایس ایل میں آصف علی کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹوئٹر پر پیغام میں ان کی بیٹی کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ‘آصف علی حوصلے اور عزم کی بہترین مثال ہیں۔’

پاکستانی کرکٹ ٹیم اور اسلام آباد یونائیٹڈ میں آصف علی کے ساتھ کھیلنے والے سپنر شاداب خان نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نور فاطمہ کی مغفرت اور ان کے اہلخانہ کے لیے صبر کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنی زندگی میں آصف علی سے زیادہ صابر انسان نہیں دیکھا۔

https://twitter.com/76Shadabkhan/status/1130232263789154305

ان کا کہنا تھا کہ ‘آصف بھائی اس مشکل وقت میں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔’

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی کرکٹر آصف علی کی بیٹی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

انھوں نے آصف علی اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں کسی پیارے کو کینسر کے ہاتھوں کھو دینے کا درد اور دکھ سمجھتا ہوں۔ خدا آصف اور ان کے خاندان کو اس مشکل وقت میں ہمت عطا کرے اور کینسر سے لڑنے والی ایک اور بہادر کی مغفرت کرے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32287 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp