چیئرمین نیب نے جاوید چودھری کو کوئی انٹرویو نہیں دیا، ذرائع


اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے معروف کالم نگار جاوید چودھری کو کوئی انٹرویو نہیں دیا۔

تفصیلات کے مطابق نیب ذرائع نے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی جانب سے کسی بھی انٹرویو کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں کالم نگار جاوید چودھری کو کوئی انٹرویو نہیں دیا، چیئرمین نیب کے حوالے سے بیانات درست نہیں ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق قومی ادارے کی جانب سے 17 مئی 2019ء کو جاوید چودھری کے کالم پر وضاحت جاری کر دی تھی۔ نیب کی وضاحت نیوز چینل پر نشر اور اخبارات میں بھی شائع کی گئی۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ کالم میں دیگر شخصیات اور کیسز کے حوالے سے حقائق درست نہیں تھے۔ کالم میں حقائق کو مسخ کرکے پیش کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی جاوید چودھری کے کالم کے پیچھے چھپنے کے بجائے اپنے کیس کے بارے میں بتائیں، انھیں جو سوالات دئیے گئے تھے وہ نیب کو اپنے جوابات دیں۔

نیب ذرائع کی جانب سے ن لیگ کی پریس کانفرنس کو کیس پر اثر انداز ہونے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ احسن اقبال کے خلاف بھی کیس چل رہا ہے۔ احسن اقبال نے سپورٹس کمپلیکس کا ٹھیکہ اپنے بھائی کو دلایا اور چار ارب روپے بھی پہلے ہی ریلیز کروا دیے تھے۔

نیب ذرائع کی جانب سے دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قومی ادارہ اپنا کام کرتا رہے گا، پارلیمنٹ کے بنائے ہوئے قانون کو ہی کالا قانون کہا جا رہا ہے۔
بشکریہ دنیا نیوز
اسی بارے میں: یا جاوید چوہدری جھوٹ بول رہے ہیں یا چیئرمین نیب: شاہد خاقان عباسی


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).