2019 کرکٹ ورلڈ کپ: ’یہ ورلڈ کپ آل راؤنڈرز کا ہو گا‘


کرکٹ

آئی سی سی کی ویب سائٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور 1975 کے عالمی کپ کے فائنل کے مین آف دا میچ کلائیو لائڈ نے پیش گوئی کی ہے کہ 30 مئی سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ میں آل راؤنڈرز نہایت اہم کردار ادا کریں گے۔

سابق کپتان کی رائے میں انگلینڈ میں بنی فلیٹ پچیں بیٹنگ کے لیے ساز گار ہیں جو کہ عمومی طور پر بولرز کے لیے مشکلات کا باعث ہوں گی اور اس وجہ سے عالمی مقابلوں میں آل راؤنڈرز کی کامیابی کے امکانات زیادہ روشن ہوں گے۔

کلائیو لائڈ کا کہنا ہے کہ ’افغانستان سے انگلینڈ اور انڈیا سے ویسٹ انڈیز تک، ہر ٹیم کے پاس بہترین آل راؤنڈرز موجود ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مجھے یقین ہے کے ورلڈ کپ آل راؤنڈرز کا ہو گا۔‘

یہ بھی پڑھیے

کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی کے بدلتے رنگ

2019 کرکٹ ورلڈ کپ سکواڈ: عامر آؤٹ، حسنین ان

’عمران خان نے یہی مشورہ دیا کہ دلیری سے کھیلنا‘

لائڈ پراعتماد ہیں کہ ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے عمدہ کارکردگی دیکھنے کو ملے گی۔ رواں سال مارچ میں ویسٹ انڈیز نے آئی سی سی کی نمبر ون ٹیم انگلینڈ سے ساتھ پانچ میچوں کی سیریز کھیلی تھی جو برابر (ڈرا) رہی تھی۔

آل راؤنڈر اینڈرے رسل کی ٹیم میں شمولیت کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کلائیو لائڈ کا کہنا تھا کہ رسل کی شمولیت ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کی کامیابی کے امکانات بڑھا دے گی۔

اگرچہ ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر آندرے رسل نے اگست 2018 سے کوئی ایک روزہ میچ نہیں کھیلا تاہم اس دوران ان کی کارکردگی دنیا کے مختلف ممالک میں ہونے والے ٹی 20 ٹورنامنٹس میں بہتر رہی ہے۔

لائڈ کا کہنا تھا کہ ’ویسٹ انڈیز کے کرکٹ بورڈ نے اپنے اہم کھلاڑیوں کو، جو کہ دنیا بھر میں مختلف ٹورنامنٹس میں بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں، واپس بلا لیا ہے۔ وہ اپنی بھرپور کوشش کریں گے۔ گذشتہ لگ بھگ 20 برسوں کے دوران ہم نے اچھے کرکٹ کے کھلاڑی کھوئے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ اچھے کھلاڑی بہتر کارکردگی کی نیت سے ایک دفعہ پھر واپس آ چکے ہیں۔‘

جب لائڈ سے پوچھا گیا کہ عالمی کپ 2019 میں ان کی فیورٹ ٹیم کون سی ہے تو ان کا جواب تھا ’برطانیہ میں لوگوں کا خیال ہے کہ انگلینڈ اس مرتبہ بہتر کارکردگی دکھائے گا۔‘

’اس میں کوئی شک نہیں کہ حالیہ برسوں میں ان کی کارکردگی بہتر رہی ہے۔ ان کی ٹیم متوازن ہے۔ اس مرتبہ انگلینڈ مشکل حریف ثابت ہو گا۔‘

کلائیو لائڈ کی قیادت میں ویسٹ انڈیز نے دو مرتبہ، سنہ 1975 اور سنہ 1979، میں کرکٹ کا عالمی کپ جیتا تھا۔ سنہ 1983 کے ورلڈ کپ میں بھی ویسٹ انڈیز فیورٹ ٹیم تھی تاہم انڈیا کے آل راؤنڈر کپل دیو نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ صرف 183 رنز کے ہدف کے سامنے پوری ویسٹ انڈیز کی ٹیم 140 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور انڈیا نے فائنل میچ 43 رنز سے جیت لیا۔

اس ورلڈ کپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے لائڈ کا کہنا تھا: ’ہم سب کا خیال تھا کہ ہم وکٹ پر جائیں گے اور رنز بنائیں گے۔ مگر اس سے یکسر مختلف معاملہ ہوا۔ ہم ایک کے بعد ایک آؤٹ ہو کر واپس آتے رہے۔ میں اپنے بولرز کو کریڈٹ دیتا ہوں جنھوں نے انڈیا کو 60 اوورز کی اننگز میں 200 رنز بھی نہ بنانے دیے۔ ہم بلے باز کچھ نہ کر پائے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp