شوبز ڈائری: سلمان مودی کے انتخاب پر خوش اور پرینکا کے شکرگزار


کترینہ کیف اور سلمان خان

ممبئی: کترینہ کیف اور سلمان خان اپنی نئی آنے والی فلم ’بھارت‘ کے گانے ’زندہ‘ کی تقریب رونمائی میں بات کر رہے ہیں

عید آنے والی ہے اور اس کے ساتھ ہی ہر بار کی طرح سلمان خان بھی اپنی نئی فلم کے ساتھ جلوہ افروز ہونے والے ہیں لیکن ان سے پہلے مودی جی اکثریت سے ایک بار پھر اقتدار میں آنے کے لیے تیار ہیں اور بالی وڈ میں انھیں مبارکباد دینے والوں میں سلمان خان سب سے آگے رہے۔

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے سلمان خان نے مودی جی کو ایک پیار بھرا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’ایک مضبوط ہندوستان کی تعمیر میں ہم پورے دل سے آپ کے ساتھ ہیں۔‘

مودی جی کے ساتھ ہونے کے علاوہ اس وقت سلمان کترینہ کیف کے بھی ساتھ ہیں کیونکہ اگلے چند ہفتوں میں ان کی فلم ’بھارت‘ ریلیز ہونے والی ہے اور سلمان فلم کے پروموشن کے لیے تقریباً ہر چینل پر کترینہ کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ہیروئن کے ہاتھ میں شراب کی جگہ گلدستہ۔۔۔

دبنگ 3: ’اب کی بار مُنی نہیں منّا بدنام ہوگا‘

مجھے ٹرولز سے ڈر نہیں لگتا: تارہ

اس دوران سلمان کہیں کہیں کترینہ کو درمیان میں ٹوک کر ان کا جملہ پورا کرنے کی کوشش کرتے نظر آئے تو کہیں ان کی تعریف میں زمین آسمان ایک کرتے دکھائی دیے۔

لیکن ایک جملہ وہ بار دہرا رہے تھے اور وہ تھا ’شکریہ پرینکا۔‘

دراصل فلم بھارت میں کترینہ کا کردار پہلے پرینکا کو نبھانا تھا لیکن آخری وقت میں پرینکا نے فلم چھوڑنے کا فیصلہ کیا کیونکہ وہ شادی کرنے جا رہی تھیں۔ لگتا ہے یہ بات سلمان کو پسند نہیں آئی یا سلمان چاہ کر بھی یہ نہیں بھول پا رہے کہ پرینکا نے ان کی فلم چھوڑ دی اس لیے کہیں نہ کہیں وہ پرینکا کا ذکر ضرور کر جاتے ہیں۔

وویک اوبرائے

وویک اوبرائے اپنی نئی فلم میں نریندر مودی کا کردار ادا کر رہے ہیں

’سلمان کی دوستی کا ٹھکانہ نہ دشمنی کا‘

ویسے بھی بالی ووڈ میں مشہور ہے کہ ’سلمان کی نہ دوستی کا ٹھکانا اور نہ ہی دشمنی کا‘ اور اس کی جیتی جاگتی مثال لوگ وویک اوبرائے کو بتاتے ہیں۔

لگتا ہے وویک اوبرائے کا ستارہ بھی ہمیشہ سے گردش میں ہے۔ ان کا نام سنتے ہی کچھ لوگوں کے ذہن میں ایشوریہ، سلمان اور پھر خود وویک اوبرائے کے کانوں کو لگے دو ہاتھ آتے ہیں۔

وویک اوبرائے اور معافی سے ان کا رشتہ

وویک 16 برس سے سلمان سے معافی کے طلبگار

پچھلے ہفتے انھوں نے ایشوریہ پر بنائے جانے والے ایک میم کو اپنے بے تکے کمنٹس کے ساتھ دوبارہ ٹوئٹ کر کے ایک بار پھر مصیبت مول لے لی۔

اس میم پر معافی مانگنے کے باوجود وہ سوشل میڈیا پر ٹرول تو ہوئے ہی ساتھ ہی خواتین کے حقوق کی تنظیم نے انھیں نوٹس جاری کیا اور تو اور ایک خیراتی ادارے نے ان کا ایونٹ بھی منسوخ کر دیا۔

بیچارے وویک جانے انجانے تنازعات کا شکار ہو ہی جاتے ہیں۔ اب اللہ اللہ کر کے انھیں کام مِلا لیکن الیکشن کی وجہ سے ان کی فلم کی ریلیز روک دی گئی اور فلم کی ریلیز سے عین پہلے ان کی یہ حرکت۔

اب کہا نہیں جا سکتا کہ فلم کے بزنس میں اس سے انھیں فائدہ ہوگا یا نقصان۔

مودی جی کی بایو پک بنانے والے فلمساز اومنگ کمار کہتے ہیں کہ وویک نے تو مذاق کیا تھا لیکن بات کچھ زیادہ ہی آگے چلی گئی۔

بہرحال اومنگ کمار کو امید ہے اب عام انتخابات میں مودی کی کامیابی سے ان کی فلم کو فائدہ ہی ہو گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32487 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp