ریڈیو پاکستان کا مجلہ آہنگ – نیا شمارہ آ گیا


ریڈیو پاکستان کے تازہ مجلہ ”آہنگ“ میں رمضانُ المبارک کے حوالے سے خصوصی مضامین بڑے اہتمام سے شامل کیے گئے ہیں۔ اسلامی عبادتوں میں صوم یعنی روزہ بڑی اہمیت رکھتا ہے اس حوالے سے ”فلسفۂ صوم“ کے عنوان سے علاّمہ سیّد محمد رضی کے مضمون سے رسالے کا آغاز ہوتا ہے۔ تاریخِ انسانیت اس بات پر گواہ ہے کہ اس عالمِ انسانیت میں بہت سے شب و روز ایسے آتے ہیں جن کے نقش آج بھی تاریخ کے اوراق پر درخشاں اور تاباں ہیں ”شبِ قدر“ کے عنوان سے محمد اطہر نعیمی کے مضمون میں اس بات کی اہمیت کو اُجاگر کیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہء ایران کی ُروداد بھی اس شمارے کا حصہ ہے۔

پاکستان کا محنت کش طبقہ قومی آزادی کی حفاظت کی جدوجُہد کو کامیاب کرنے کے فریضہ کو دوسرے محبِ وطن پاکستانی عوام کی اولین فریضہ سمجھتا ہے۔ یومِ مئی کے حوالے سے ”مزدور کی دنیا“ کے عنوان سے خورشید احمد کا خصوصی مضمون بھی اس شمارے میں شامل کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ کے رہنما اور تحریکِ پاکستان کے انتھک کارکن چوہدری خلیقُ الزماں کو بشارت علی سیّد نے خصوصی خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

اُردو زبان کے نامور ادیب، محقّق، دانشور، جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر اور سابق صدر نشین مقتدرہ قومی زبان ڈاکٹر جمیل جالبی جو 18 اپریل کو کراچی میں انتقال کر گئے تھے ان کا 1989 ء میں منور ہاشمی کو ریڈیو پاکستان راولپنڈی کے پروگرام ”نگارش“ کے لئے دیا گیا خصوصی یادگار انٹرویو بھی اس شمارے کا حصہ ہے۔

گذشتہ ماہ ریڈیو پاکستان اسلام آباد کے قیام کے چالیس سال مکمل ہو گئے اس حوالے سے سابق ڈئریکٹر پروگرامز شریف شاد کے مضمون ”یہ ریڈیو پاکستان اسلام آباد ہے“ میں چالیس برس کی کامیابیوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔

اسی طرح 29 مئی کو ریڈیو پاکستان سرگودھا کے قیام کو چودہ سال مکمل ہو جائیں گے ذیشان حیدر نے ”ریڈیو پاکستان سرگودھا کا نشریاتی سفر“ کے عنوان سے جائزہ پیش کیا ہے۔

موسیقی مشرق کی ہو یا مغرب کی ہو یا کسی دوسرے ملک کی اس کا دارو مدار بہر حال سُروں کے جوڑ توڑ پر ہوتا ہے اور سروں کا جوڑ توڑ کسی اندھا دھند طور سے نہیں بلکہ ایک سوچے سمجھے ضابطے کی پیروی ہے جس سے موسیقی کے درجے تک پہنچا جا سکتا ہے۔ ”سُر سمندر۔ لے“ کے عنوان سے جی اے فاروق نے انہی نکات پر سیر حاصل گفتگو کی ہے۔

ریڈیو پاکستان بہاولپور کے ڈپٹی کنٹرولر نیوز سجاد پرویز کا معروف کالم نگار، مصنفہ، افسانہ نگار اور انجمن ترقی اردو پاکستان کی معتمد زاہدہ حنا سے خصوصی مکالمہ خاصے کی چیز ہے جس میں زاہدہ حنا نے اپنے حالاتِ زندگی کے مختلف گوشوں پر کھل کر گفتگو کی ہے۔

معروف شاعر اَمر بلال رانا کا مختصر افسانہ ”کردار“ بھی اس شمارے میں شامل ہے۔

سرائیکی ڈوہڑے کی پہچان گلو کارہ نسیم اختر سیمی جو 18 مارچ کو طویل علالت کے بعد زندگی کی بازی ہار گئی تھیں کو نسرین فرید نے ”وچھڑے یاد جو آئے ہوسن۔ “ کے عنوان سے خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

27 اپریل کو وزیرِ اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان کالج میں منعقدہ خصوصی تقریب میں ریڈیو پاکستان ملتان سے روزانہ بلوچی پروگرام ”روش“ کی نشریات کا اِفتتاح کیا۔ اس تقریب کی رُوداد بھی اس شُمارے میں شامل کی گئی ہے۔

جشنِ بہاراں کے سلسلے میں ریڈیو پاکستان لاہور کے نور جہاں آڈیٹوریم میں خصوصی محفلِِ مشاعرہ منعقد کی گئی۔ مشاعرے کی صدارت ملک کے نامور شاعر اور ادیب جناب امجد اسلام امجد نے کی جبکہ معروف شاعر ناصر زیدی مہمانِ خاص تھے۔ ”بہار آئی“ کے عنوان سے اس خصوصی مشاعرے کی رپورٹ محمد کاشف غوری نے قلمبند کی ہے۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی حضرت لعل شہباز قلندر کا 767 واں عرس مبارک سیہون شریف میں جوش وجذبے سے منایا گیا۔ نعیمہ ممتاز کی حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس مبارک کے حوالے سے رپورٹ بھی اس شمارے کا حصہ ہے۔

ماہنامہ آہنگ کے مدیرِ اعلٰی معروف براڈ کاسٹر اور ڈپٹی کنٹرولر پروگرام فرحان عباس ہاشمی ہیں جو ہمیشہ آہنگ کے ہر شمارے کو خاص شمارہ بنانے کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔ اور زیرِِ تبصرہ شمارہ بھی ہر اعتبار سے ایک خاص شمارہ کے طور پر محسوس ہوتا ہے جو ان کی قلمی اور فنی مہارتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

آہنگ شمارہ مئی

قیمت:۔ 200 روپے

ملنے کا پتہ:۔ براڈکاسٹنگ ہاؤس ایم اے جناح روڈ کراچی


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

نجمہ حنیف

ہ حنیف براڈ کاسٹ جرنلسٹ ہیں اور ریڈیو پاکستان بہاولپور سے وابستہ ہیں۔

najma-hanif has 10 posts and counting.See all posts by najma-hanif