امام الحق چچا کی طرح ورلڈ کپ جیتنے کے خواہشمند


امام الحق

امام الحق کو اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جو قوم کو خوشیاں فراہم کرتا رہا ہے

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے ہوش سنبھالا تو انھیں معلوم ہوا کہ پاکستانی کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی کا ایک اہم کردار ان کے اپنے گھر میں موجود ہے۔

آج جب وہ خود اپنے کریئر کی سب سے بڑی خواہش کی تکمیل چاہتے ہیں تو گھر کے ’اسی فرد کا احساس ‘ ان کا حوصلہ بڑھا رہا ہے۔

امام الحق کہتے ہیں ’میں بہت چھوٹا تھا جب پتہ چلا کہ میرے چچا انضمام الحق سنہ 1992 کا عالمی کپ جیتنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل تھے تو فخر محسوس ہوا۔

ورلڈ کپ 2019 اور پاکستانی ٹیم کے بارے میں مزید پڑھیے

’کسی بھی نوجوان کرکٹر سے زیادہ فٹ ہوں‘

حسن علی دنیا کو حیران کرنے کے لیے پھر تیار

’ورلڈ کپ میں آپ کو مختلف فخر زمان نظرآئے گا‘

عامر، وہاب اور آصف علی کی ورلڈ کپ سکواڈ میں واپسی

’آج جب میں خود عالمی کپ میں حصہ لینے والی ٹیم میں شامل ہوں تو سوچتا ہوں کہ یہ زندگی کا سب سے بڑا موقع ہے اور کوشش کروں کہ ایسی کارکردگی دکھاؤں کہ پوری قوم کو یاد رہے۔‘

امام الحق کو اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جو قوم کو خوشیاں فراہم کرتا رہا ہے۔

’ہم میں سے کئی لوگ ایسے ہیں جو خوشیوں کے منتظر رہتے ہیں اور انھیں کرکٹ میں وہ خوشی نظر آتی ہے تو ہم تمام کھلاڑیوں کی کوشش ہوتی ہے کہ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے رہیں۔‘

امام الحق ساتھی اوپنر فخرزمان کے ساتھ ورلڈ کپ میں غیر معمولی کارکردگی کی امید رکھے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

’اگر انضمام کا بھتیجا ہوں تو میری کیا غلطی‘

’امام الحق کی سلیکشن کو صرف اس نظر سے نہ دیکھا جائے کہ وہ میرا بھتیجا ہے‘

’ہم دونوں ڈیڑھ سال سے ساتھ کھیلتے آ رہے ہیں اور ہم دونوں کی کارکردگی بھی اچھی رہی ہے لہٰذا قوم اور ٹیم سب کی توقعات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ہم پر ذمہ داری بھی بڑھ گئی ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’اگر ذمہ داری بڑھی ہے تو ہم بھی اسی طرح اپنا ہوم ورک بھی کر رہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ اس بار ہمارا اوپننگ سٹینڈ بہت اچھا ہو گا۔‘

کسی بھی دوسرے کرکٹر کی طرح امام الحق کی نظریں بھی انڈیا کے خلاف میچ پر مرکوز ہیں۔

’ہم ورلڈ کپ میں انڈیا سے کبھی نہیں جیتے لیکن اس کا موجودہ ٹیم پر فرق نہیں پڑتا کیونکہ ہر ورلڈ کپ میں ٹیمیں مختلف ہوتی ہیں لہذا ان کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔

’ہماری تیاری بہت اچھی ہے اور ہم پوری کوشش کریں گے کہ ہم انڈیا کے خلاف یہ میچ جیتیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32537 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp