عمران خان کی نریندر مودی کو فون پر مبارک باد


عمران خان

عمران خان نے نریندر مودی کو مبارک باد دی

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو ان کی دوسری انتخابی کامیابی پر مبارک باد دینے کے لیے فون کیا۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا وزیر اعظم عمران خان نے نریندر مودی کو انتخابی کامیابی پر مبارک باد دینے کے علاوہ خطے کے لوگوں کی بہتری کے مشترکہ طور پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

عمران خان نے خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کے بارے میں اپنی سوچ اور خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان اہداف کے حصول کے لیے بھارت کے ساتھ ملکر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اس فون پر ہونے والے بات چیت کے بارے میں بھارتی وزارتِ خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ نو منتخب وزیر اعظم نریندر مودی نے امن، خوشحالی اور ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے اعتماد اور دہشت گردی سے پاک ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

جوہری طاقت رکھنے والے دونوں ہمسایہ ملکوں کے وزرا اعظموں میں آخری مرتبہ جولائی 2018 میں بات چیت ہوئی تھی جب نریندر مودی نے عمران خان کو ان جماعت تحریک انصاف کی انتخابی کامیابی پر مبارک باد پیش کی تھی۔

یاد رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اس سال فروری میں جنگ کی کیفیت پیدا ہو گئی تھی جب بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں دہشت گردی کے ایک حملے میں چالیس بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

بھارت نے اس حملے کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالتے ہوئے کئی دہائیوں بعد پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے اندر فضائی حملہ کیا تھا۔

اس کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پاکستان نے جوابی فضائی کارروائی میں بھارتی فضائیہ کا ایک مگ بائسن طیارہ مار گرایا تھا اور ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار بھی کر لیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp