نواز شریف ہم شرمندہ ہیں


چولہا نہیں جلتا تھا کیونکہ گیس ناپید تھی پنکھا نہیں چلتا تھا کیونکہ بجلی نہیں تھی موبائل نیٹ ورک بند ہوتا تھا کیونکہ دہشتگردی کا خطرہ رہتا تھا موٹرسائیکل پر دو آدمی نہیں بیٹھ سکتے تھے ٹارگٹ کلنگ کا خطرہ ہوتا تھا جمعہ پڑھنے کا رسک لینے ہی مسجد جایا جاتا تھا کیونکہ خودکش حملے کا خطرہ رہتا تھا اور جمعہ کے دو فرض پڑھنے جتنی دیر میں ماؤں پر قیامت گزرتی تھی کہ پتہ نہیں گھر کس حال میں بیٹے کی واپسی ہوگی۔

مساجد کے باہر پولیس کے گن مین بیٹھا کرتے تھے پھر بھی لوگ جانے سے ڈرتے تھے فیکٹریاں بند ہونے سے مزدور بیروزگار جب کہ فیکٹری مالکان بنگلہ دیش اور دیگر پڑوسی ممالک ہجرت پر مجبور تھے آٹے کی لائنیں لگتی تھیں صرف آٹے کی ہی نہیں کھاد لینے کے لئے بھی تپتی دوپہر میں سورج کے سامنے لائن بنا کر کھڑا ہونا پڑتا تھا ہر پندرہ دن میں دو بار پٹرول لینے کے لئے بھی پٹرول پمپس کے باہر لائن لگتی تھی سی این جی اسٹیشنز پر تو روز میلوں لمبی لائنیں لگتی جو اوپر سے دیکھنے پر دیوار چین کا منظر پیش کرتی تھیں۔

دن میں دو بار خودکش حملے تین ڈرون حملے ہوتے تھے اسلام آباد پرعملاً بلیک واٹر کا قبضہ تھا ائیر بیسز غیر ملکیوں کے قبضے میں تھے۔ کراچی میں ہر ہفتے میں ایک بار ضرور بلوہ ہوتا تھا اور ہمارے سجیلے جوان سر جھکا کر ہڑتالیں کامیاب کراتے تھے۔ بلوچستان میں 14 اگست کو یوم سیاہ منایا جاتا تھا۔ بلوچ مزاحمت کی مثال قائم کر رہے تھے۔ بلوچستان علیحدگی کے دہانے پر کھڑا تھا۔ عمران خان طالبان کے وکیل تھے انہیں دفتر دینے کی بات کرتے تھے۔ میڈیا طالبان کے ترجمان کے لائیو انٹرویوز دکھاتا تھا۔ تھری ٹائم پرائم منسٹر کی خبر دینے سے ڈرنے والا میڈیا طالبان کو پرائم ٹائم دینے پر مجبور تھا۔ انڈیا ہر عالمی فورم پر پاکستان کو شکست دے رہا تھا۔ پاکستان کی سفارتی حیثیت افغانستان کے برابر آ گئی تھی اور باڑ لگا کر عملی طور پر ہم کشمیر سے دستبردار ہو چکے تھے۔

ایسے ہنستے بستے ملک کو جانے کس کی نظر لگی تھی، جانے اسے خدا کا قہر سمجھیں یا کچھ اور۔ پھر مجسم رحمت جناب محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کا غلام (جس کے کئی عشرے مسجد نبوی اعتکاف کرتے گزرے) اور ملک پاکستان کا وفادار (جس نے 5 ارب ڈالر اور دھمکی دھونس کے باوجود امریکی صدر کو دھتکارتے ہوئے ایٹمی دھماکے کر کے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا) خستہ حال عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آ گیا اور آتے ہی سر جھکا کر ممولوں سے مار کھاتے شاہینوں کو ایسا حوصلہ و سیاسی سپورٹ دی، قوم کو یکجا کر کے دہشتگردی کو ایسی شکست دی کہ قوم نے پنڈی جیسے شہر میں وردی پہن کر نہ نکل سکنے والے جوانوں کی وردی کو مقدس لباس سمجھ کر آنکھوں سے لگا لیا۔

اندھیرے ختم کیے روشنیاں بکھیریں، چمنیوں سے دھواں نکلا، مزدور کو روزگار دیا، آٹے پٹرول پانی کھاد کی لائنیں ختم کیں، بنیادی انفراسٹرکچر کھڑا کیا، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے فورم پر مسلسل اٹھا کر زندہ کیا، سفارتی سطح پر پاکستان کا ایسا لوہا منوایا کہ سعودی اور ایران جن کی ہم پراکسی ہوا کرتے تھے ان دونوں کی ثالثی کراتا رہا، ملک سے امریکی اثر کم کیا، سی پیک لا کر پاکستان کی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ کیا، مہنگائی کنٹرول کی، غریب کو جینے کا حق دیا، دھرنوں کو پارلیمان کی طاقت سے شکست دے کر ستر سال سے شرمندہ شرمندہ پھرتے ووٹ کی عزت کو منوا کر جمہوریت پر احسان کیا۔

اس “گستاخ غدار کرپٹ” کو جیل میں ڈال کر ہم نے ثابت کیا ہے کہ ہم اپنے محسنوں کو پھانسیاں چڑھانے جلاوطن کرنے جیل میں ڈالنے کی روایت پر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

نواز شریف کے جانے کے بعد تباہی بربادی دہشتگردی مہنگائی اور امریکی غلامی کا سلسلہ پھر سے شروع ہو گیا ہے اور ملک کو سنوارنے والا جیل میں بیٹھا ہے۔ عوام کو امید ہے کہ وہ پھر سے آئے گا اور سب کچھ ٹھیک کر دے گا۔ میرا دل چاہتا ہے کہ اس کو آواز دے کر حالات سے آگاہ کروں مگر شرم سے آواز حلق میں دبی رہ جاتی ہے۔
نواز شریف ہم شرمندہ ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).