ادریس صاحب جا چکے ہیں


اگر کسی پچھتر سالہ شخص کے ستاون برس صحافت میں گذرے ہوں تو اس کے سوا کیا کہا جائے کہ وہ پیدا ہی صحافت کے لئے ہوا تھا۔ سنہ باسٹھ میں ایوب خان سے دو ہزار انیس میں عمران خان تک قسم ہا قسم کے گیارہ ادوار میں اپنی صحافت جینے والے ادریس بختیار ۔

چونکہ وہ چھ عشرے پہلے اس پروفیشن میں آئے لہذا صحافت کو صحافت سمجھتے رہنے کی ضد کے ہی تادمِ مرگ اسیر رہے اور بمشکل ایک گھر بنا پائے ۔اب سے پندرہ بیس برس پہلے صحافت میں آئے ہوتے تو شائد ایک آدھ فارم ہاؤس ، بلٹ پروف گاڑی اور محافظوں کے ہمراہ ان کیمرہ بریفنگز کے عادی ہو چکے ہوتے۔

ادریس صاحب نے خبر کے کوچے میں اٹھارہ برس کی عمر میں حیدرآباد سے نکلنے والے انگریزی اخبار انڈس ٹائمز کے زریعے اپنی طویل اننگز کا آغاز کیا۔ چار برس خبر رساں ایجنسی پی پی آئی ، ایک برس عرب نیوز جدہ ، چار برس روزنامہ جسارت ، بتیس برس ڈان گروپ ( اسٹار ، ہیرلڈ ) ، پندرہ برس بی بی سی ، سات برس جیو نیوز ( سربراہ ایڈیٹوریل کمیٹی ) میں گذار دیئے ۔قریباً تین ماہ قبل جیو نے انہیں اچانک سبکدوش کر دیا اور کل انتیس مئی کو ادریس صاحب نے زندگی سے استعفی دے دیا۔

اس بیچ ادریس صاحب لگ بھگ اٹھارہ برس دی ٹیلی گراف کلکتہ کے پاکستان میں نامہ نگار بھی رہے اور روزنامہ جنگ میں کالم نگاری بھی کی۔تین برس پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ( دستور ) کے صدر بھی رہے۔

ادریس صاحب سے پہلے مرحوم اقبال جعفری اور پھر ظفر عباس (موجودہ ایڈیٹر روزنامہ ڈان ) کراچی میں بی بی سی کے نامہ نگار تھے۔جب انیس سو بانوے میں ظفر عباس بی بی سی اسلام آباد بیورو منتقل ہو گئے تو ادریس صاحب نے ان کی جگہ سنبھالی۔

سن بانوے سے پچانوے تک کراچی آپریشن کے سبب ہر دن روزِ قیامت تھا۔کسی دن ڈیڑھ سو ، کبھی سو ، کبھی پچاس بوری بند یا کھلی لاشیں شہر کے کونوں کھدروں سے ملتی تھیں۔جس روز لاشوں کی تعداد صرف آٹھ سے دس ہوتی وہ دن غیر معمولی طور پر پرامن سمجھا جاتا ۔ان حالات میں کسی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر حقائق کی صداقت پر سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے رپورٹنگ کرنا اور پھر زندہ بھی رہنا اور کسی بھی فریق کی جانب سے متعصب یا جانبدار رپورٹنگ کا طعنہ بھی نہ ملنا۔ایسے تھے ادریس صاحب ۔

ادریس صاحب نظریاتی اعتبار سے جماعتِ اسلامی کے قریب تھے۔مگر ان کے ساتھیوں اور دوستوں میں بائیں بازو والے بھی بہت تھے۔ جب وہ لکھتے یا رپورٹنگ کرتے تو ان کے زاتی نظریے کا چھینٹا بھی اس رپورٹ میں ڈھونڈنا محال تھا۔ آنکھ بند کر کے کہا جا سکتا ہے کہ ادریس صاحب اس صحافتی قبیلے کی آخری گنی چنی صف میں تھے جنہوں نے خبری حقائق کو اپنی پسند ناپسند اور خواہش سے کبھی آلودہ نہیں ہونے دیا۔

میں نے ادریس صاحب کو پہلی بار اکتالیس برس قبل دیکھا۔گھنے بالوں اور سیاہ مونچھوں والا ویپسا سوار بذلہ سنج مسکراتا ہوا چین اسموکر صحافی جو کچھ عرصے کراچی یونیورسٹی کے علامہ اقبال ہاسٹل میں بھی قیام پذیر رہا۔اس زمانے میں ادریس صاحب روزنامہ جسارت کے چیف رپورٹر تھے۔

جب بھی میرے جیسے ہوسٹلئے لمڈے جو نئے نئے صحافی ہونے کے مغالطے میں ارسطوئی بھگارنے کی کوشش کرتے تو ادریس صاحب جز بز ہونے کے بجائے مسکراتے رہتے اور پوری بقراطی سننے کے بعد کہتے ” آپ جیسوں کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ آپ انگور بننے سے پہلے منقا بننے کے چکر میں ہیں “۔

ادریس صاحب نے کبھی اپنے تجربات نئے صحافیوں کو منتقل کرنے اور سکھانے میں بخل سے کام نہیں لیا۔جب میں انیس سو اٹھانوے میں بی بی سی اردو کے گشتی نامہ نگار کے طور پر پاکستان میں کام کرنے لگا تو کمپیوٹر ٹائپنگ اور کمپیوٹر ایڈیٹنگ کے ٹھنٹھنے سے بھی واقف نہیں تھا۔یہ ادریس صاحب تھے جنہوں نے کہا پریشان مت ہو ۔چند دنوں میں سب سیکھ جاؤ گے ۔اور پھر انہوں نے چند دنوں میں مجھے اردو ٹائپ اور ایڈیٹنگ کا ماہر بنا دیا۔یہی نہیں بلکہ انٹرنیٹ کا پروفیشنل استعمال کیسے ہوتا ہے اور اس کے زریعے خبر اور صوتی رپورٹ کیسے بھیجی جاتی ہے ۔یہ سب ادریس صاحب نے ہی انگلی پکڑ کے سکھایا۔اور میرے جیسوں کی تعداد انگلیوں پر نہیں درجنوں میں ہے۔

ادریس صاحب کے آخری چند برس بیماریوں سے لڑتے گذرے ۔مگر وہ ان بیماریوں کو دوا سے زیادہ مصروفیت کے ٹانک کی مدد سے جھیلتے رہے۔پر کب تک ؟

فی الحال میں بالکل بلینک ہوں ۔ادریس صاحب کی رحلت میرے لئے اس وقت ایک خبر جیسی ہے ۔شائد یقین آنے میں کچھ دن لگیں کہ یہ محض روزمرہ خبر نہیں بلکہ ایک ایسے دور کی سچائی ہے جس میں صحافت اوڑھنے ، بچھانے ، اور سوچنے والوں کی تعداد تبرک ہو کر رھ گئی ہے ۔

یہی سب کچھ تھا جس دم وہ یہاں تھا

چلے جانے پے اس کے جانے کیا نئیں ( جون ایلیا )


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).