مزید ڈیموکریٹس کا امریکی صدر کے مواخذے کا مطالبہ


صدر ٹرمپ

امریکی سپیشل قونصل رابرٹ مُلر کے پہلی بار عام ریمارکس کے بعد امریکی کانگریس میں تین سرکردہ ڈیموکریٹس نے صدر ٹرمپ کے مواخذے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

صدر ٹرمپ کے دعوے کے برعکس بدھ کے روز رابرٹ ملر نے کہا تھا کہ ان کی تحقیقات کے مطابق صدر ٹرمپ انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام سے بری نہیں ہوئے۔

رابرٹ ملر کو دو ہزار سولہ کے صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کی تحقیقات کا کام سونپا گیا تھا۔

انھوں نے کہا تھا کہ حالیہ صدر پر فردِ جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔

رابرٹ مُلر

امریکی سپیشل قونصل رابرٹ مُلر نے دو ہزار سولہ کے صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کی تحقیقات کیں

مواخذے کے معاملے نے ڈیموکریٹک پارٹی کو منقسم کر دیا ہے اور ایوان نمائندگان میں سپیکر نینسی پلوسی کی مخالفت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

نینسی پلوسی کا، جو خود سب سے سینئر ڈیموکریٹ ہیں اور مواخذے کی مزاحمت کر رہی ہیں، کہنا ہے کہ ایسی کسی تحریک کا الٹا نتیجہ نکل سکتا ہے۔

مگر اب رابرٹ ملر کے ریمارکس کے بعد صدارتی نامزدگی کے خواہشمند تین مزید ڈیموکریٹکس نے صدر ٹرمپ کے مواخذے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس طرح ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے نامزدگی کے خواہشمند تئیس امیدواروں میں سے مواخذے کا مطالبہ کرنے والوں کی تعداد دس ہوگئی ہے۔

ان تین ڈیموکریٹک امیدواروں میں کوری بُکر، کرسٹِن گِلیِبرانڈ اور پیٹی بیٹیگائگ شامل ہیں۔

ان کا مطالبہ ہے کہ مواخذے کی کارروائی فوری طور پر شروع ہو جانی چاہئیے۔

https://twitter.com/PeteButtigieg/status/1133795617988317185

پیٹی بیٹیگائگ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ “مواخذے کے ریفرنس کے لیے اتنا ہی کافی ہے۔”

رابرٹ ملر کا بیان سامنے آنے کے بعد سپیکر نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ کانگریس تحقیقات اور صدر کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال پر ان کے احتساب کی اپنی آئینی ذمہ داری کو مقدس فریضہ سمجھتی ہے۔

https://twitter.com/realDonaldTrump/status/1133893813611782144

صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ان کے خلاف “شہادت ناکافی” ہے “اور ہمارے ملک میں ایسا شخص بے گناہ تصور کیا جاتا ہے۔”

ملر رپورٹ کے خاصے بڑے حصے کو حذف کرنے کے بعد گزشتہ ماہ منظر عام پر لایا گیا تھا۔

انھوں نے ایسے دس واقعات کا ذکر کیا تھا جن میں صدر ٹرمپ نے ممکنہ طور پر تحقیقاتی عمل میں حائل ہونے کی کوشش کی تھی۔ تاہم رابرٹ ملر کا کہنا تھا کہ ان کے پاس موجودہ صدر پر فرد جرم عائد کرنے کا اختیار نہیں تھا۔

شمالی امریکا میں بی بی سی کے نامہ نگار اینتھونی زرکر کا کہنا ہے کہ رابرٹ ملر نے تحقیقاتی عمل کے باضابطہ اختتام کا اعلان کرتے ہوئے اپنے آٹھ منٹ طویل بیان میں کوئی نئی بات نہیں کہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32543 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp