’جنات کے تحریر کردہ قرآن‘ والی لائبریری


دنیا میں قرآن مجید یا دیگر کتب کی لائبریریاں اپنی اپنی انفرادی خصوصیات کے ساتھ موجود ہیں لیکن پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ایک ایسی قرآن لائبریری ہے جس کے منتظم مولوی عبدالمومن کا دعویٰ ہے کہ اس میں جنات کے ہاتھ کا لکھا ہوا قرآن مجید بھی موجود ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس قرآن مجید کی لکھائی بادام کے چھلکے سے جنات نے کی ہے۔

انھوں نے وہ قرآن مجید دکھایا جس کا ہر صفحہ الگ الگ ہے۔ ان کے مطابق اس میں ’قکا بھی ایک نقطہ ہے اور ’ف کا بھی ایک نقطہ ہے۔ تاہم اس میں ’قکا نقطہ اوپر ہے اور ’ف کا نقطہ نیچے ہے۔

یہ بھی پڑھیے!

کتابوں کے بجائے انسانوں کی لائبریری

کوئٹہ میں لائبریری کی بحالی کے لیے بھوک ہڑتال

اردو کی پہلی آن لائن آڈیو لائبریری

یہ لائبریری مستونگ کے علاقے کلی غلام پڑینز میں لڑکیوں کے ایک مدرسے کے کمرے میں قائم ہے۔

لائبریری کے منتظم عبدالمومن نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جنات ان کے والد کے پاس اس مدرسے میں قرآن پڑھنے آتے تھے۔

وہ کہتے ہیں کہ ان کے والد مولانا عبدالسلام کو قرآن پاک سے بہت محبت اور رغبت تھی۔

قرآن لائبریری

جس کمرے میں یہ لائبریری قائم ہے وہ سنہ2017 میں جمعیت علماء اسلام کے سیکریٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری پر ہونے والے حملے سے متاثر ہوا تھا

عبدالمومن کا کہنا ہے کہ اس لائبریری میں 85 ممالک کے قرآن موجود ہیں۔ ان کے مطابق ان کے والد تبلیغ کی غرض سے جس ملک بھی جاتے وہاں سے ان کو اگر قرآن پاک کا کوئی قدیم نسخہ ملتا تو وہ لے آتے تھے۔

اس لائبریری میں دمشق ،افریقہ، ترکی، سمر قند، چین، امریکہ، لبنان، جاپان سے بھی لائے گئے قرآن کے نسخے موجود ہیں جبکہ خان آف قلات سے حاصل کیا گیا قرآن بھی اس لائبریری کی زینت ہے۔

عبدالمومن کا کہنا ہے کہ لائبریری میں ہاتھ سے لکھے ہوئے قرآن کے نسخے کے ساتھ ساتھ سب سے چھوٹے قرآن اور سب سے بڑے قرآن پاک کے نسخے بھی رکھے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ مغل بادشاہ اورنگزیب عالمگیر کے دربار کا قرآن مجید بھی ان کی لائبریری میں موجود ہے۔

قرآن لائبریری

اس لائبریری کے منتظم عبدالمومن کے مطابق اس لائبریری میں 85 ممالک کے قرآن موجود ہیں

انھوں نے کہا کہ ایک قرآن پاک مصحف الفی کا ہے جسے ان کے بقول لکھنے میں 12سال لگے اور لکھنے والے نے اس کے لیے 12سال مسلسل روزہ رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس قرآن میں ہر سطر کی ابتدا الف سے کی گئی ہے اور ہر سورة سے پہلے بسم اللہ الگ الگ ڈیزائن سے لکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے!

نوشہرہ کے مدرسے کا ‘قرآن باغ’

کونمارا پبلک لائبریری، انڈیا کا قدیم کتب خانہ

خوابوں اور خواہشوں کی برفیلی لائبریری

انھوں نے قرآن مجید کا ایک ایسا خستہ حالت نسخہ بھی دکھایا جو ان کے بقول ہزار سال پرانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کی جلد اونٹ کے چمڑے سے بنی ہوئی ہے۔ عبدالمومن کے مطابق قرآن کا یہ نسخہ بہت نازک ہے کیونکہ اس کو لوگوں نے ہاتھ سے لکھا ہے۔

قرآن لائبریری

منتظم مولوی عبد المومن کا دعویٰ ہے کہ اس لائبریری میں جنات کے ہاتھ کا لکھا ہوا قرآن مجید بھی موجود ہے

انھوں نے بتایا کہ ان کے والد کے انتقال کے بعد انھیں بھی اگر کسی علاقے سے قرآن کا کوئی نایاب نسخہ ملتا ہے تو وہ بھی وہاں سے لے آتے ہیں۔

جس کمرے میں یہ لائبریری قائم ہے وہ سنہ2017 میں سیاسی و مذہبی جماعت جمعیت علما اسلام کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری پر ہونے والے حملے میں متاثر ہوا تھا۔ انھوں نے کہا کہ انھیں لائبریری کی مرمت کے لیے تاحال کوئی معاوضہ نہیں دیا گیا۔

عبدالمومن نے بتایا کہ ان کے پاس بہت سے قرآن پاک کے نسخے ہیں لیکن ان کو موسمی حالات سے محفوظ بنانے کے لیے ان کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ ان کے لیے مناسب جگہ یا جدید لائبریری بنا سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس موجود قرآن کے نایاب نسخوں کو لوگ دور دور سے دیکھنے آتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ بہت سے لوگوں نے انھیں قرآن مجید کے قدیم نسخے دینے کے لیے لاکھوں روپے کی پیشکش بھی کی لیکن یہ نسخے ان کے باپ، دادا کی وراثت ہیں اور وہ انھیں کسی کو نہیں دیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp