برازیل کے فٹبالر نیمار پر فرانس میں جنسی حملے کا الزام


نیمار

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک خاتون نے برازیل کے سٹار فٹبالر نیمار پر جنسی حملے کا الزام عائد کیا ہے۔

برازیل کے شہر ساؤ پالو میں دائر کی جانے والی پولیس رپورٹ میں خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ ان پر حملہ فرانس کے ایک ہوٹل میں ہوا جہاں نیمار پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے لیے کھیلتے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نیمار نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔ ایک بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ خاتون کی نمائندگی کرنے والے وکیل کی جانب سے وہ تاوان کی کوششوں کے شکار ہوئے ہیں۔

نیمار فی الحال برازیل میں ہیں اور اپنی قومی ٹیم کے ساتھ کوپا امریکہ ٹورنامنٹ کے لیے ٹریننگ کر رہے ہیں۔

کیا الزامات ہیں؟

پولیس دستاویزات کے مطابق خاتون کی نیمار سے انسٹاگرام پر جان پہچان ہوئی اور انھوں نے خاتون سے پیرس میں ملنے کی خواہش ظاہر کی۔ دستاویز میں خاتون کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

نیمار نے خاتون کو برازیل سے فرانس کے لیے ہوائی ٹکٹ فراہم کیا اور انھیں سوفیٹل پیرس آر دو ٹریومفے نامی ہوٹل میں ٹھہرانے کا انتظام کروایا۔

خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ مئی 15 کو جب نیمار ہوٹل آئے تو انھوں نے ‘بظاہر شراب پی رکھی تھی۔’

یہ بھی پڑھیے

کرسٹیانو رونالڈو پر’ریپ‘ کا الزام: نائیکی کو شدید تشویش

’فٹبال کی اخلاقیات مرد عورتوں سے سیکھیں‘

پولیس دستاویز میں کہا گیا ہے کہ بات چيت اور بغل گیر ہونے کے بعد ‘ایک مقام پر نیمار جارح ہو گئے اور انھوں نے تشدد کرتے ہوئے خاتون کی مرضی کے خلاف ان کے ساتھ جنسی فعل کیا۔’

پولیس دستاویز میں مزید کہا گيا ہے کہ خاتون دو دنوں کے بعد فرانس کی پولیس کے سامنے اس مبینہ واقعے کی رپورٹ درج کرائے بغیر برازیل واپس ہو گئيں کیونکہ وہ ‘جذباتی طور پر صدمے میں تھیں اور ایک دوسرے ملک میں ان واقعات کو درج کرانے میں خوف محسوس کر رہی تھیں۔’

نیمار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ خاتون کی جانب سے لگائے جانے والے تمام الزامات کو پوری طرح سے مسترد کرتے ہیں۔

نیمار کے والد کیا کہتے ہیں؟

دوسری جانب ان کے والد نیمار دوس سینتوس نے سنیچر کو برازیل کے بینڈ ٹی وی کو بتایا ‘یہ واضح ہے کہ یہ ایک پھندا تھا۔’

انھوں نے مزید کہا: ‘اگر عوام کے سامنے اس کی وضاحت نہ کی گئی اور اگر ہم جلد از جلد سچائی کو سامنے نہ لائے تو یہ ہم پر الٹا پڑ سکتا ہے۔ اگر ہمیں نیمار کے واٹس ایپ اور اس خاتون کے ساتھ بات چیت کو دکھانا پڑا تو ہم دکھائيں گے۔’

نیمار

کیا نیمار کوپا امریکہ کے لیے تیار ہیں؟

برازیل کے 27 سالہ فارورڈ کو حالیہ تادیبی کارروائی کے تحت برازیل کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا ہے۔

فرانس کے فٹبال حکام نے نیمار پر تین میچوں کی پابندی عائد کر دی ہے۔ انھوں نے گذشتہ ماہ ‘کوپے دی فرانس’ میں پی ایس جی کی رینیس کے ہاتھوں شکست کے بعد ایک مداح کو مارا تھا۔

اس کے علاوہ ڈریسنگ روم کے ایک جھگڑے میں بھی وہ مبینہ طور پر شامل تھے۔

کوپا امریکہ ٹورنامنٹ برازیل میں 14 جون سے سات تک کھیلا جائے گا جس میں میزبان ٹیم برازیل کو گروپ اے میں بولیویا، وینزویلا اور پیرو کے ساتھ رکھا گيا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32507 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp