خواجہ سرا کا فواد چوہدری کے نام خط


محترم فواد چوہدری صاحب،

حال ہی میں آپ نے ٹوئٹ کی اور ایک اینکر سے متعلق کہا کہ وہ کھسروں جیسی شرٹس زیب تن کرتے ہیں۔ آپ کی اس بات میں کافی کڑواہٹ محسوس ہوئی۔ آپ نے کھسروں جیسے کپڑے پہننے کا طعنہ دیا اور اپنے مرد ہونے پر فخر کیا۔ ذرا سوچیے آپ خود کتنے خوش شکل؟ خوش مزاج؟ خوش گفتار؟ یا خوش لباس ہیں؟ اپنے آپ سے سوال کریں۔ ضمیر جھوٹ نہیں بولتا۔ آپ کو جواب مل جائے گا۔

جہاں تک رہی کھسروں جیسی شرٹ پہننے کی بات تو مسٹر فواد۔ آپ کو بتاتی چلوں، خدا نے ہمیں جن بہترین صلاحیتوں سے نوازا ہے ان میں سے ایک بننا، سنورنا، روپ سنگھار کرنا بھی ہے۔ ہم رنگوں کی اصلیت سے بخوبی واقف ہوتی ہیں۔ کس روز کس موقع پر کس رنگ کو ابھارنا ہے، کس شیڈ کو کتنا نکھارنا ہے، یہ سب ہماری گھٹی میں شامل ہوا کرتا ہے۔

خواجہ سرا کبھی حالات کے ہاتھوں مجبور ہوکر سڑک پر آ کھڑی ہو تو آپ جیسے مردوں کی رال ایسی ٹپکتی ہے کہ تھمنے کا نام نہیں لیتی۔ بس نہیں چلتا کہ نظروں ہی سے کسی خواجہ سرا کو بھی امید سے کردیں۔ پھر ہم میں بھی قدرت نے کسی کو زیادہ حسن سے نوازا ہے تو کسی کو کم۔ لباس بہرحال ہمارے یہاں خراب کسی صورت قابل قبول نہیں ہوتا۔ آپ کو طعنہ ہی دینا تھا تو حقیقت سے قریب تر دینا چاہیے تھا۔

یہاں میں آپ کو بتاتی چلوں کھسرے بہت سی قسم کے ہوتے ہیں۔ جیسا کہ نالائق اور نا اہل کھسرے۔ ان کا تعلق اس خاندان سے جوڑا جاتا ہے جو کچھ تخیلیقی کام یا تعمیری سرگرمی کرنے سے قاصر ہوں۔ حال ہی میں ایسے کھسروں کا کارنامہ پشاور میٹرو کی نامکمل تعمیر آپ کے سامنے ہے۔ روپیہ، پیسہ سب ہے مگر یہ تعمیر سے قاصر ہیں۔

پھر آتے ہیں شہدے کھسرے، یہ وہ ہیں جو باتیں تو کرتے ہیں کروڑوں کی مگر دکان پکوڑوں کی! حال ہی میں بننے والا نیا پاکستان اس کی واضح مثال ہے۔

فواد صاحب کھسروں کی ایک قسم ایسی بھی ہے جو ہمیشہ اقتدار میں رہنا پسند کرتی ہے۔ کرسی کے چکر میں یہ بے چارے بہت ذلیل ہوتے ہیں۔ بار بار سیاسی جماعتیں بدلتے ہیں۔ کسی جماعت کے سربراہ کے ہاتھ پر بیعت کرتے ہیں تو کسی کی جوتیاں سیدھی کرتے ہیں۔ بات مگر پھر بھی بن کر نہیں دیتی اور وزارت ان کے ہاتھ سے چلی جاتی ہے۔

اس کے علاوہ متعدد مثالیں موجود ہیں، کرپٹ کھسرے، بوٹ پالش کرنے والے کھسرے، سفارشی کھسرے۔ وغیرہ وغیرہ۔

آپ مرد ہمیں کھسرا اس ہی لیے کہتے ہیں نہ کہ ہم آپ کی طرح کی کارکردگی نہیں دکھا سکتے؟ چلیں آج آپ ہی بتادیں آپ کی کارکردگی کیا ہے؟

فواد صاحب، جو حالات آپ اور آپ کے ساتھیوں نے وطن عزیز کے کر دیے ہیں اگر کھسرے حکمران ہوتے تو اس سے بہتر ہی ہوتے۔ میری آپ سے درخواست ہے اپنی زبان پر توجہ دیں اور سوشل میڈیا کی ٹرولنگ کو دل پر نہ لیا کریں۔ کھسروں کی عزت کیا کریں۔ آخر کارکردگی کی رو سے آپ بھی ہم میں سے ایک ہیں۔

ایک محب وطن خواجہ سرا


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).