روسی کمپنی مختصر لباس پہننے والی خواتین کو زیادہ تنخواہ دے رہی ہے


کاروباری اور تجارتی کمپنیاں اچھی کارکردگی کے عوض اپنے ملازمین کو بونس اور دیگر مراعات دیتی ہیں لیکن گزشتہ دنوں ایک روسی کمپنی نے اپنی خواتین ملازمین کو مختصر لباس پہننے کے عوض زیادہ تنخواہ کی پیشکش کر دی۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس کمپنی کا نام  Tatprofہے جو ایلومینیم مینوفیکچرر ہے۔ یہ کمپنی ”فیمینینٹی میراتھن کیمپین“ (Femininity Marathon Campaign) چلا رہی ہے۔ یہ کیمپین 30 جون تک جاری رہے گی۔

کمپنی نے اس کیمپین کے لیے اپنی خواتین ملازمین کو سکرٹ اور دیگر مختلف لباس پہننے کو کہا ہے اور پیشکش کی ہے کہ جو خاتون ملازم مختصر لباس پہنے گی اسے اضافی تنخواہ دی جائے گی۔ کمپنی کی طرف سے روسی میڈیا کو بتایا گیا ہے کہ اس کی  60 خواتین ملازمین مختصر لباس پہننے پر رضامند ہو گئی ہیں اور اس کیمپین میں حصہ لے رہی ہیں۔ جلد اور بہت سی ملازمین بھی اس کا حصہ بن جائیں گی۔

کمپنی کے ایک ترجمان نے ریڈیو گووریت موسکوا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ پیشکش اس کیمپین کے بعد بھی ہماری خواتین ملازمین کے لیے برقرار رہے گی۔ اس پیشکش کے تحت خاتون ملازم کی سکرٹ اس کے گھٹنوں سے 5 سینٹی میٹر سے زیادہ لمبی نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے بدلے میں کمپنی انہیں سیلری کے علاوہ 100 روبلز اضافی دیا کرے گی۔“ تاہم کمپنی کی اس پیشکش پر عوام اسے شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ کون کیا لباس پہنتا ہے یہ اس کا اپنا انتخاب ہے، کمپنی کو لالچ دے کر خواتین کو ان کے اس حق سے محروم نہیں کرنا چاہیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).