دہلی میں شراب و شباب کی شبینہ محفل پر چھاپہ: نابالغ لڑکوں اور لڑکیوں سمیت 600 افراد گرفتار


بھارت کے دارالحکومت نئی دلی میں پولیس نے شراب و شباب کی محفل پر چھاپہ مار کر نابالغ لڑکوں اور لڑکیوں سمیت 600 افراد کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب جنوبی دلی میں ریو پارٹی پر چھاپہ مارا جس کے دوران 600 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ دلی پولیس اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مارے گئے چھاپے کے دوران غیر ملکی شراب اور نشہ آور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پارٹی میں نا بالغ لڑکے اور لڑکیاں بھی موجود تھیں، یہ پارٹی فرینچ ڈی جے کے نام سے آرگنائز کی گئی تھی جبکہ اس کی سوشل میڈیا پر تشہیر بھی کی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پارٹی آرگنائزر نے شراب کا لائسنس تو لیا ہوا تھا لیکن پارٹی میں لائسنس کی حد سے زیادہ شراب موجود تھی جس پر پارٹی آرگنائزر کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جب تک یہ واضح نہیں ہوجاتا کہ مشتبہ چیز منشیات ہیں یا نہیں تب تک یہ کہنا جلد بازی ہوگی کہ یہاں ریو پارٹی چل رہی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).