آسٹریلیا کے کھلاڑی مارکس سٹونس ان فٹ


مارکس سٹونس

مارکس سٹونس آل راؤنڈر ہیں

پاکستان کے خلاف کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ سے قبل آسٹریلیا کے آل راؤنڈر مارکس سٹونس ان فٹ ہو جانے سے میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔

انڈیا کے خلاف میچ میں سٹونس کی کمر میں کھچ پڑ گئی تھی جس کی وجہ سے وہ اپنا اگلا میچ کھیلنے کے قابل نہیں رہے ہیں۔ ان کی جگہ آسٹریلیا نے مچ مارش کو طلب کر لیا ہے لیکن تاحال آئی سی سی کو ٹیم میں اس تبدیلی کی کوئی درخواست نہیں دی ہے۔

جب تک آسٹریلیا مارکس سٹونس کی جگہ مچ مارش کو اپنے ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کرنے کی باضابط درخواست نہیں دیتی مچ مارش پندرہ رکنی آسٹریلوی سکواڈ کا حصہ نہیں بن پائیں گے۔

مزید پڑھیے:

شکھر دھون تین ہفتے کے لیے ورلڈ کپ سے باہر

ورلڈ کپ پر موسم بھاری پڑ گیا، ایک اور میچ منسوخ

پاکستان کرکٹ ٹیم بمقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ

10 ملین ڈالر کا ورلڈ کپ

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان ائرن فنچ نے سٹونس کے زخمی ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انھیں اب ٹیم کی ترتیب میں تبدیلی کرنی پڑے گی۔

فنچ نے کہا کہ مچ مارش جمعہ کو آسٹریلیا کی اے ٹیم کے ساتھ انگلینڈ پہنچنے والے تھے لیکن سٹونس کے زخمی ہونے کی وجہ سے انھیں احتیاطً کچھ دن پہلے انگلینڈ بلا لیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا دیکھنا ہو گا کہ سٹونس کتنی جلد مکمل طور پر فٹ ہو کر کھیلنے کے قابل ہوتے ہیں۔

فنچ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ سٹونس کے زخمی ہونے سے انھیں گیارہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں مشکل پیش آئے گی کیونکہ سٹونس ایک اہم جگہ پر کھیلتے ہی اور بیٹنگ اور بالنگ دونوں شعبوں میں ٹیم کے لیے کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔

فنچ نے کہا کہ وہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ سٹونس کب صحت یاب ہو کر ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے اسی لیے مچ مارش کو طلب کر لیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا ان کے طبی معائنے ہو رہے ہیں اور اگلے چند روز میں ہی یہ واضح ہو سکے گا کہ سٹونس کی چوٹ کی کیا نوعیت ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف میچ سے قبل صورت حال اور موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے ہی اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ سٹونس کی جگہ بلے باز کو کھلایا جائے یا کسی بولر کو ٹیم میں جگہ دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ یہ وہی مسئلہ ہے جس کو انھیں حل کرنا ہے۔

فنچ نے کہا کہ انگلینڈ کا موسم اب ان کے ذہن پر سوار ہونے لگا ہے اور اب پوائنٹ ٹیبل پر اس کے اثرات دکھنا شروع ہو گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اگلے چند دن اور موسم خراب رہنے کی توقع ہے اس کے بعد اگلے ہفتے سے موسم بہتر ہونا شروع ہو جائے گا اور ٹورنامنٹ کے اختتام تک بہتر رہنے کی توقع ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp