کرکٹ ورلڈ کپ 2019: پاکستانی کپتان آسٹریلیا کے خلاف میچ میں جیت کے لیے پرامید


پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد

سرفراز احمد پُرامید ہیں کہ آسٹریلیا کے ساتھ میچ کا فیصلہ پاکستان کے حق میں ہوگا

ورلڈ کپ کے میچوں پر خراب موسم جس طرح اثر انداز ہو رہا ہے اس نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے کیونکہ انھیں اس بات کا بخوبی احساس ہے کہ پاکستانی ٹیم مزید کسی ‘واش آؤٹ’ کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان برسٹل میں میچ بارش کی نظر ہونے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا تھا۔

اب بدھ کے روز ٹونٹن میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے میچ پر بھی گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے!

ورلڈ کپ پر موسم بھاری پڑ گیا، ایک اور میچ منسوخ

سرفراز احمد اگر عمران خان بن گئے تو۔۔۔

#CWC19: ’فائنل کھیلنا ہے تو ہمیں بڑی ٹیموں کو ہرانا ہوگا‘

ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کا ریکارڈ برا نہیں

آسٹریلیا کے کھلاڑی مارکس سٹونس ان فٹ

پاکستانی ٹیم جب سے ٹونٹن آئی ہے بارش کی وجہ سے وہ صرف ایک دن آؤٹ ڈور پریکٹس کرسکی ہے۔ اتوار اور منگل کو اسے اپنی ٹریننگ کو ان ڈور نیٹس تک محدود کرنا پڑا۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ موسم کسی کے کنٹرول میں نہیں ہے اور ٹیموں کی کارکردگی کو متاثر کر سکتا ہے۔ اگر آنے والے دو تین میچز بھی موسم کی وجہ سے خراب ہو گئے تو صورتحال مشکل ہو جائے گی۔ خاص طور پر پاکستانی ٹیم کے پاس اب مزید کوئی موقع نہیں ہے کیونکہ اس کا پہلے ہی ایک میچ بارش کی نظر ہو چکا ہے۔

پاکستانی کپتان توقع کر رہے ہیں کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ مکمل ہو گا اور اس کا نتیجہ پاکستان کے حق میں آئے گا۔ اس وقت جو صورتحال ہے اس میں پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے چار پانچ میچز جیتنے ہوں گے۔

سرفراز کو اس بات پر قطعاً حیرانی نہیں ہے کہ اس ورلڈ کپ میں پانچ سو جیسا سکور نہیں ہوا ہے جس کی پہلے باتیں ہو رہی تھیں۔

سرفراز کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ یہ ورلڈ کپ ہے دو طرفہ سیریز نہیں۔ دو طرفہ سیریز کی صورتحال اور پریشر دوسری طرح کے تھے۔ ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کے لیے بڑا ہدف عبور کرنا اتنا آسان نہیں ہو گا۔ انھیں نہیں لگتا کہ کوئی بھی ٹیم اس ورلڈ کپ میں پانچ سو تک پہنچے گی۔

برسٹل

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ کے دوران بارش کے سبب وکٹ کو ڈھانپنا پڑا تھا

سرفراز کا کہنا ہے کہ اس ورلڈ کپ میں جس ٹیم کو بھی اچھا پرفارم کرنا ہے اس کے ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کو ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرنا ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی کوشش ہو گی کہ ایرون فنچ، ڈیوڈ وارنر اور سٹِیو سمِتھ کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اختیار کر کے انھیں جلد آؤٹ کیا جائے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ انڈیا سے ہارنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم سخت حریف بن کر میدان میں اترے گی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پہلی بار ٹونٹن کے گراؤنڈ میں ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلیں گی۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ آپ جن گراؤنڈز میں کھیلے ہوتے ہیں تو آپ کو وہاں کی کنڈیشنز کا اچھی طرح پتہ ہوتا ہے تاہم اس میچ میں پاکستانی ٹیم اپنی بہترین حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp