سعودی عرب: ابہا کے ہوائی اڈے پر ’حوثی باغیوں کے میزائل حملے‘ میں 26 زخمی
سعودی عرب کے سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوب مغربی علاقے میں واقع شہر ابہا کے ہوائی اڈے پر حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں متعدد شہری زخمی ہو گئے ہیں۔
یمن میں جاری لڑائی میں شریک سعودی اتحاد کی قیادت نے کہا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے ابہا ایئرپورٹ پر ایک میزائل فائر کیا گیا جس کے گرنے سے 26 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
سعودی فوجی ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں تین بچے اور دو عورتیں بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ بدھ کی صبح حوثیوں نے کروز میزائل کے ذریعے ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ حوثی باغیوں کا دعویٰ ہے کہ میزائل حملے کے بعد ابہا ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل کر دیا گیا تھا۔
یہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران حوثیوں کا سعودی عرب میں کسی ہوائی اڈے پر دوسرا حملہ ہے۔
اس سے قبل مئی کے تیسرے ہفتے میں حوثیوں نے جنوبی سعودی صوبے نجران میں ایئرپورٹ پر اسلحے کے ایک ڈپو کو نشانہ بنایا تھا۔
حوثیوں کے المصیرہ ٹی وی کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اِس حملے میں ’کے ٹو قصیف ڈرون’ کا استعمال کیا گیا ہے۔ حوثیوں کے مطابق اِس حملے کے بعد وہاں آگ بھڑک اٹھی۔
سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق اِس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے یمن میں سعودی اتحاد کے ترجمان نے کہا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سے لیس ایک ڈرون کے ذریعے اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو عام لوگوں کے زیرِ استعمال تھیں۔
اس سے قبل سعودی ٹی وی العربیہ کی ویب سائٹ نے عینی شاہدین کے حوالے سے خبر دی تھی کہ ‘مکہ کو میزائل سے نشانہ بنانے کی حوثی باغیوں کی کوشش کو ناکام بنایا گیا ہے۔’
جبکہ حوثی باغیوں نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی تھی کہ انھوں نے مسلمانوں کے مقدس ترین شہر مکہ کو میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔
ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشمکش کے باعث یہ خطہ اِس وقت کشیدگی کا شکار ہے۔
- کیا آئی پی ایل میں ’بے رحمانہ‘ بلے بازی کرکٹ کو ہمیشہ کے لیے بدل رہی ہے؟ - 25/04/2024
- مریم نواز اور پنجاب پولیس کی وردی:’کیا وزیراعلیٰ بہاولنگر کے تھانے کا دورہ بھی کریں گی؟‘ - 25/04/2024
- غزہ کی اجتماعی قبروں میں لاپتہ اہلخانہ کی تلاش: ’ہم اس بات کی اجازت نہیں دے سکتے کہ یہ چھوٹا سا معاملہ بن کر دب جائے‘ - 25/04/2024
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).