وزیر اعظم کی نیم شب تقریر (مع سماعتی خلل) اور منظور پاپڑاں والا


دیکھو میرے پاکستانیو، میری ایک بات غور سے سن لو اور ہاں پھر میری ان تینوں باتوں کو آپ نے یاد بھی رکھنا ہے اور میں آپ کو بتا دوں کہ میری ان پانچوں باتوں کو آپ پلے باندھ لیں گے تو آپ کو کبھی پریشانی نہیں ہوگی۔ بجٹ چاہے جیسا بھی ہو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ بجٹ جیسی فضول چیزوں کی ضرورت اس وقت تھی جب حکمران کرپٹ تھے جب وہ اس ملک لوٹ رہے تھے۔ اور آپ ان کو ٹیکس بھی نہیں دیتے تھے بالکل ٹھیک کرتے تھے۔ وہ کرپٹ جو تھے جب ان کا پیسا باہر پڑا تھا تو آپ نے ٹیکس کیوں دینا تھا۔ اور میں نے خود بھی آپ کو کہا تھا کہ ٹیکس نہ دینا بلکہ بجلی کا بل بھی دینے سے منع کیا تھا۔

لیکن آپ نے میری اس بات کو پلے ہی باندھ لیا ہے۔ آپ سے مجھے ایک گلہ بھی ہے کہ میری حکومت آنے کے بعد تو آپ نے ٹیکس پہلے سے بھی کم دیا ہے۔ خیر بجٹ کی طرف آتے ہیں کیونکہ میں نے پھر منظور پاپڑاں والے کی بات بھی بتانی ہے۔ اور یہ بات مجھے زولفی بخاری نے بتائی ہے اور ہاں یہ بھی بتا دوں کہ زولفی کوئی عام آدمی نہیں ہے۔ نیک آدمی ہے۔ لندن والے اسے کسینو میں گھسنے نہیں دیتے تو یہ تو اچھی بات ہے کیونکہ جوا حرام ہے۔

بجٹ تو بن گیا ہے اور میں نے سوچا کہ میں خود آپ سے بات کروں گا اور ایک بات سمجھاؤں گا۔ اور ہاں آپ نے یہ چاروں باتیں پلے سے باندھ لینی ہیں اور ان چھ باتوں پر اگر عمل جاری رکھا تو ہم اگلے جنم میں ایک عظیم قوم بن جائیں گے۔ یہ کوئی تین سفیروں نے خود مجھے کہا ہے۔

بجٹ بن گیا ہے اور میں اس بجٹ کے بارے آپ کو تین باتیں بعد میں بتاؤں گا۔

بجٹ تو بن گیا ہے اور پاس بھی ہو جائے گا کیونکہ مجھے انہوں نے خود بتایا ہے۔ اب تو جنات نے بکرے کا تازہ گوشت ہڈیوں سمیت کھانا شروع کر دیا ہے اور انہوں نے مجھے پورا یقین دلایا ہے کہ میں ان کی انگلی کے اشارے کا بالکل ایسے دھیان رکھوں جیسے اپنی انگلی کی خاص انگوٹھی کا خیال رکھتا ہوں تو سارے بجٹ پاس ہوتے رہیں گے۔

دیکھو میرے پاکستانیو، میں آپ کو بتا دوں کہ یہ بجٹ ہے بالکل فالتو کی چیز۔ اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ میں آپ کو بتاتا ہوں اور میں نے پہلے آپ کو یہ کبھی نہیں بتایا اس لیے آپ کو پتا بھی نہیں ہو گا کہ بجٹ بالکل فضول چیز ہے۔ ہم پاکستان کو مدینے کی ریاست جیسا بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور مدینے کی ریاست میں کونسا بجٹ بنتا تھا یا پاس کروانا پڑتا تھا۔ اور مجھے افسوس سے کہنا پڑتا تھا کہ مدینے کی ریاست کے سارے اصول ویسٹ میں چلتے ہیں۔ اور اسی لیے تو وہ مزے سے رہتے ہیں اور ہم ادھر پھنسے ہوئے ہیں۔

اور پہلے تو مجھے بہت برا نہیں لگتا تھا کہ ویسٹ والے مدینے کی ریاست کے اصول اپنائے ہوئے ہیں۔ پھر جب میں جمائمہ کے والد سے ملا تو مجھے اچھا لگتا تھا کہ ویسٹ نے مدینے کی ریاست کے اصول اپنائے ہوئے ہیں۔ پھر جب میں روحانیت سے ملا اور میں چنا گیا پاکستان کو مدنی ریاست بنانے کے لیے تو اب کبھی اچھا لگتا اور کبھی برا لگتا ہے کہ ویسٹ نے مدینہ کی ریاست کے اصول اپنائے ہوئے ہیں۔ اور یقین کریں آپ بھی اگر پہلے جمائمہ اور پھر زولفی بخاری سے ملتے تو آپ کی دماغی حالت پر بھی یہی اثرات ہونے تھے۔

بجٹ آ گیا ہے اور اس میں ہم نے پاکستان کو ترقی دینے اور ترقی نہ دینے پر خوب توجہ دی ہے۔ اور اب پاکستان پر ایمان دار لوگوں کی حکومت ہے۔ کرپٹ لوگ سارے جیل پڑے ہیں۔ میں خوش ہوں کہ میں نے اپنی قوم سے دو وعدے کیے تھے کہ پاکستان کو مدینے کی ریاست بناؤں گا۔ دیکھ لو میں اور فیصل واڈا دونوں ہی پاکستان کو مدینے کی ریاست کہتے ہیں۔ صرف یہی نہیں اب تو ایم کیو ایم بھی نفیس جماعت بن گئی ورنہ وہ کتنے جرائم پیشہ ہوتے تھے۔

دوسرا وعدہ تھا کہ یہ سارے بڑے لوگ جو میری مخالفت کرتے ہین اور مجھ سے پہلے وہ الیکشن چراتے تھے ان کو جیل بھجوا دوں گا۔ دیکھ لو دونوں وعدے پورے ہو گئے۔ صرف یہی نہیں جھونگے کے طور پر میں نے پنجاب کو اپنا اور جہانگیر ترین کا خادم اعلی بھی دیا ہے۔ یہ اصلی خادم اعلی ہے لندن علاج نہیں کروانے جاتا کیونکہ وہ بالکل تندرست ہے۔ چونکہ وہ پوری نیند سوتا ہے۔ میں آپ کو بتاتا چلوں کہ نیند پوری کرنا بہت ضروری ہے۔ نیند ہی سب کچھ ہے۔ اگر آپ کو نیند اچھی نہیں آتی تو پاکستان کبھی ترقی نہیں کرے گا۔

بجٹ تو بن گیا جس کا ہمیں بالکل تجربہ نہیں تھا اس لیے تھوڑا لیٹ ہوا ہے۔ آپ یقین کریں اگلا جو بجٹ ہم بنائیں گے وہ بہت غریب دوست ہو گا۔ ابھی تو صرف ساڑھے نو مہینے ہوئے ہیں تو ہمیں پتا ہی نہیں کہ غریب کون ہے اور کدھر ہے۔ اگلے بجٹ تک ہم یہ سب پتا لگا لیں کیونکہ جب تک آپ کو علم ہی نہیں کہ غریب کدھر رہتے ہیں تو ان کے ساتھ دوستی کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

بجٹ آ گیا ہے اور یقین کریں میں بہت ہی بچت بلکہ کنجوسی کا قائل ہوں۔ یقین کریں میں ہر وقت بچت کا سوچتا ہوں۔ میں خود تو بنی گالہ والے گھر کو جتنا بھی مس کروں، نہ جاؤں لیکن اس بیچارے موٹو کے لیے جانا پڑتا ہے۔ وہ بنی گالہ کو بہت مس کرتا ہے اور بے زبان حیوان ہے۔ اسے میں پریشان نہیں دیکھ سکتا۔ پھر میں نے پائلٹ کو کہا ہے کہ وہ ہیلی کاپٹر کو نہایت اکانومی پر رکھے تو اس نے اکانومی بٹن فورا دبا دیا۔ اب خرچہ بہت ہی کم آتا ہے اور موٹو بھی خوش ہو جاتا ہے۔ پھر بنی گالہ آتے جاتے میں اور موٹو غریبوں کو بھی ڈھونڈتے رہتے ہیں۔ جب ہیلی کاپٹر سے غریب نظر آ گئے تو ان کے لیے دوستانہ بجٹ بھی بنائیں گے۔

بجٹ آ گیا ہے اور میں آپ کو بتاتا چلوں کہ جب سوہاوہ والی یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق کے نتائج آنا شروع ہوں گے تو یقین کریں کہ ہیلی کاپٹر کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔ پھر میں اور موٹو کارپٹ پر بیٹھ کر وزیراعظم ہاؤس سے بنی گلہ جایا کریں گے۔ بس تھوڑا سا صبر اور کر لیں۔ اچھے دن آنے والے ہیں۔

بجٹ کے بارے میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عدالتیں آزاد ہیں۔ یہ نیب اور اس کا چیئرمین یہ سب ان چوروں نے ہی مل کر لگائے تھے۔ یہ میرے اختیار میں ہیں ہی نہیں۔ لیکن آپ کو این آر او نہیں دوں گا۔ کیونکہ این آر او کوئی اچھی چیز نہیں ہے۔

بجٹ کے بارے اور بتاؤں کہ پاکستان کی پوری تاریخ میں یہ کبھی نہیں ہوا کہ یہ کوئی بڑا یا طاقت ور شخص جیل میں پڑا ہو۔ پاکستان میں کبھی بھی کوئی وزیر اعظم یا صدر جیل نہیں گیا۔ یہ پہلی دفعہ ہوا ہے کیونکہ عدالتیں آزاد ہیں اور میرے اختیار میں عدالتیں تو کیا، کچھ بھی نہیں ہے۔ اس لیے بھی میں کسی کو این آر او نہیں دوں گا۔ پاکستان کی یہ تاریخ جو میں آپ کو ابھی بتا رہا ہوں کہ کبھی کوئی وزیراعظم جیل نہیں گیا مراد سعید اور موٹو نے مجھے بتائی ہے۔ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ یہی تاریخ اب سکولوں میں مطالعہ پاکستان کے طور پر پڑھائی جائے گی۔

بجٹ کے بارے میں میں آپ کو تین باتیں بتانا چاہتا ہوں۔ مجھے منظور پاپڑوں والے پہ بہت غصہ ہے۔ آپ کو بھی پتا ہو گا وہ ان تینوں کو کروڑوں ڈالر بھیجتا ہے اور ان کے علاج کے پیسے بھی دیتا ہے جب کہ خود پاپڑ بیچ کر گزارا کرتا ہے۔ اور مجھے پتا چلا ہے کہ اپنا علاج سرکاری ہسپتالوں سے کراتا ہے۔ حالانکہ پاکستان کے سرکاری ہسپتالوں سے جہاں میں موٹو کو بھی نہ لے جاؤں۔ پاگل ہے وہ، او بھئی تم ان کو اتنے کروڑوں ڈالر کیوں دیتے ہو۔ اس پاپڑوں والے کو تو میں این آر او بالکل ہی نہیں دوں گا۔

سلیم ملک

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

سلیم ملک

سلیم ملک پاکستان میں شخصی آزادی کے راج کا خواب دیکھتا ہے۔ انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند۔

salim-malik has 355 posts and counting.See all posts by salim-malik