وینا ملک اب سیاست کے میدان میں: فوج سے خاندانی تعلق کا اعلان، تحریک انصاف کی حمایت اور اپوزیشن کی مخالفت کریں گی


پاکستان کی لیجنڈ اداکارہ وینا ملک نے کھل کر سیاسی عزائم کا اظہار شروع کر دیا ہے۔ وہ اچانک سوشل میڈیا پر سرگرم ہو گئی ہیں۔ وینا ملک نے سیاسی شناخت کے لئے مسلم لیگ (نواز) کی رہنما مریم نواز کو ہدف بنا لیا ہے۔ جنہیں وینا ملک نے نانی اماں کا طنزیہ خطاب دیا ہے۔ واضح رہے کہ وینا ملک سرکاری طور پر 26 فروری 1984 کو پیدا ہوئی تھیں اور ان کی پہلی فلم “تیرے پیار میں” 2000 میں ریلیز ہوئی تھی۔ دوسری طرف مریم نواز کی تاریخ پیدائش 28 اکتوبر 1973 ہے۔

وینا ملک پے در پے وزیر اعظم عمران خان اور ان کی جماعت تحریک انصاف کے حق میں سوشل میڈیا پر بیانات جاری کر رہی ہیں۔ انہوں نے متعدد معاملات پر ملک کی طاقتور فوجی اسٹیبلشمنٹ کے موقف کی کھل کر حمایت کی ہے۔ کچھ عرصہ قبل مختصر وقت کے لئے اغوا کی جانے والی انسانی حقوق کی کارکن گل بخاری کے خلاف وینا ملک کی متعدد فحش ٹویٹ بھی سامنے آئی ہیں۔ وینا ملک نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کے غداروں کو چوراہوں پر پھانسی دی جائے

یاد رہے کہ 2010 میں وینا ملک نے بھارت میں بگ باس نامی رئلئٹی شو میں حصہ لیا تھا۔ اس دوران ان کی بے باک اداکاری کا خوب چرچا ہوا تھا۔

2011 میں وینا ملک نے ایک بھارتی فلمی رسالے کے سرورق پر ایک متنازع تصویر شائع کروائی تھی جس میں انہوں نے اپنے بازو پر پاکستانی خفیہ ادارے کا نام کھدوا رکھا تھا۔ تاہم بعد میں انہوں نے وضاحت کی تھی کہ یہ تصویر لباس سے بے نیاز ضرور تھی لیکن عریاں نہیں تھی۔

محترمہ وینا ملک نے روان برس میں عورتوں کے عالمی دن کے موقع پر عورت مارچ پر تنقید کرتے ہوئے اسے عورت کی تقدیس کی نفی قرار دیا تھا۔

یاد رہے کہ مختصر فلمی کیریر میں وینا ملک کے اداکارببرک شاہ، کرکٹر محمدآصف،عدنان خان اور اشمیت پٹیل کے ساتھ اسکینڈل سامنے آئے لیکن انہوں نے دسمبر 2013 میں دبئی کی کاروباری شخصیت اسد خٹک سے شادی کر لی تھی۔ یہ شادی باضابطہ طور پر اگست 2017 میں طلاق پر منتج ہوئی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).