چترال: ’زندگی میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ جون کے مہینے میں برفباری ہوئی ہو‘


پاکستان میں جون کا مہینہ شدید گرمی، حبس اور لو یعنی گرم ہوا کا موسم سمجھا جاتا ہے لیکن شاید حالیہ تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع چترال کے بعض علاقوں میں جون کے مہینے میں برف باری ہوئی ہے۔

یہ برفباری تحصیل مستوج میں لوٹ اویر، کھت اور دیگر قریبی علاقوں میں گزشتہ دو روز میں ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے اندازے کے مطابق دو سے چار انچ تک برف پڑی ہے ۔

اس علاقے میں محکمہ موسمیات کی کوئی آبزرویٹری نہیں ہے جس وجہ سے برف باری کی صحیح جانچ نہیں کی جا سکی۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان میں معمول سے زیادہ برفباری، سردیاں طویل

بلوچستان کی بارشیں کسانوں کے لیے امید کی کرن بھی

’سنہ 2100 تک ہمالیہ،ہندوکش کے 36 فیصد گلیشیئر ختم ہو جائیں گے‘

گرمی میں برف پڑنے سے موسم بہتر ہوگیا ہے اور کم سے کم درجہ حرارت بھی گر گیا ہے۔

چترال میں محکمہ موسمیات کے عہدیدار منظور نے بتایا ہے کہ برف اپر چترال میں پڑی ہے جہاں اطلاعات کے مطابق درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے جبکہ ادھر چترال شہر میں بھی موسم بہتر ہوا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جون کے مہینے میں درجہ حرارت میں یہ غیر معمولی کمی دیکھی گئی ہے۔

مقامی لوگوں کے مطابق جون کے مہینے میں اچانک برف باری سے فصلوں، باغات اور مال مویشیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

مستوچ کے تحصیل نائب ناظم فخرالدین نے اپر چترال سے بی بی سی کو بتایا کہ اس علاقے میں آبادی کا انحصار گرمیوں میں فصلوں اور میوہ جات کی کمائی سے ہوتا ہے اور اس مرتبہ سب کچھ ختم ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں خوبانی، ناشپاتی اور سیب کے باغات کے علاوہ گندم، اور جو کی فصل ہوتی ہے جبکہ سبزیوں میں آلو اور مٹر وافر مقدار میں ہوتے ہیں۔برفباری سے درختوں اور فصلوں کے پتے گر گئے ہیں اور پھل ضائع ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ جون کے مہینے میں برفباری ہوئی ہو۔

اپر چترال کا علاقہ مستوج پہاڑی سلسلہ ہے اور سردیوں میں یہاں برف پڑتی ہے جبکہ گرمیوں میں لوگ مال مویشی یہاں لاتے ہیں۔ اس موسم میں چارہ بھی اس علاقے میں ہوتا ہے جو پھر سارا سال ان کے جانوروں کے کام آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوٹ اویر کا علاقہ موسم گرما کی چراگاہ ہے اور حالیہ بارشوں سے بیل اور دیگر چھوٹے جانور ہلاک ہوئے ہیں جن کی تعداد سیکڑوں میں بتائی جاتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp