تنوشری دتا کی طرف سے جنسی ہراسانی کے الزامات میں پولیس کو نانا پاٹیکر کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا


ممبئی میں ”می ٹو“کے ایک معاملہ میں ممبئی پولیس نے اداکارہ تنوشری دتا کی طرف سے نانا پاٹیکر کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزامات کا کیس بند کرنے کے لیے عداکت میں رپورٹ پیش کردی ہے

تنوشری دتہ نے نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا ۔ اعلیٰ پولیس ذرائع کے مطابق اس الزام پر تحقیقات میں پاٹیکر کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا ہے ۔ محکمہ پولیس کے ترجمان ڈپٹی پولیس کمشنر منجو ناتھ شنگھے نے کہا کہ ہم نے عدالت میں اس معاملہ میں ’بی سمری رپورٹ‘ پیش کر دی ہے۔

پولیس کوتحقیقات کے دوران کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا ہے اور اسی وجہ سے مزید تحقیقات ممکن نہیں ہے۔ ادھر تنوشری کے وکیل نتین ساتپوتے نے کہا کہ مذکورہ معاملہ میں پولیس کی کارروائی کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔ اگر پولیس عدالت میں بی یا سی کلاسیفکیشن رپورٹ پیش کرتی ہے، تو اسے حتمی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ہم عدالت میں اس کی مخالفت کریں گے اور سماعت کے دوران جرح کے بعد اگر عدالت مطمئن ہوئی تو ٹھیک ہے ورنہ عدالت پولیس کو دوبارہ جانچ کی ہدایت دی سکتی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اس معاملہ میں پولیس نے متعدد گواہوں کے بیانات نہیں ریکارڈ کیے ہیں اور صرف ایک یا دو گواہوں کو اہمیت دی ۔ تاکہ ملزم کو بچایا جا سکے۔ ساتپوتے نے کہا کہ اس کے مدنظر ہم بی سمری رپورٹ کی مخالفت کریں گے اور بمبئی ہائی کورٹ میں ایک رٹ پٹیشن دائر کی جائے گی۔

خیال رہے کہ تنوشری دتا نے ستمبر2018 میں نانا پاٹیکر کے خلاف جنسی ہراسانی کے سلسلہ میں شکایت درج کرائی تھی اور انہوں نے کہا تھا کہ 2008 میں ان کے ساتھ ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران نازیبا حرکتیں کی گئی تھیں۔ لیکن پاٹیکر نے سخت الفاظ میں اس کی تردید کی تھی۔ اوش یورہ پولیس کے سنیئر انسپکٹر شلیش پوار نے بھی تصدیق کی ہے کہ عدالت میں کیس بند کرنے کے لیے رپورٹ پیش کردی گئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).