جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کے بعد فریال تالپور بھی گرفتار، زرداری ہاؤس سب جیل قرار


فریال تالپور

فریال تالپور کی ضمانت میں توسیع کی درِخواست بھی آصف زرداری کے ساتھ پیر کو ہی مسترد ہوئی تھی تاہم اس وقت انھیں گرفتار نہیں کیا گیا تھا

قومی احتساب بیورو کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کے معاملے میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدرِ پاکستان آصف زرداری کے بعد ان کی بہن اور سندھ اسمبلی کی رکن فریال تالپور کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

نیب کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ بیان کے مطابق فریال تالپور کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ میں واقع زرداری ہاؤس میں ہی رکھا جائے گا جسے چیئرمین نیب نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے سب جیل قرار دے دیا ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے گذشتہ پیر کو جعلی بینک اکاؤنٹس کے کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی تھی

ضمانت مسترد کیے جانے کے بعد نیب نے آصف زرداری کو اسی دن گرفتار کر لیا تھا اور اب وہ دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

آصف زرداری کی گرفتاری پیپلز پارٹی پر کتنی بھاری

آصف زرداری 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

آصف علی زرداری کو کن الزامات کا سامنا ہے؟

بے نامی کھاتے اور بد نامی

’مائی لارڈ رجسٹری نہیں کیش جمع کراؤں گا‘

جعلی اکاؤنٹس سے اربوں روپے کس کس کو منتقل ہوئے؟

ریمانڈ کے لیے پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ ان کی گرفتاری دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’سلیکٹڈ وزیراعظم کو کچھ نہیں پتا، یہ سب وزیر داخلہ کروا رہے ہیں۔‘

اس سوال پر کہ کیا انھیں پارلیمان سے باہر رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے آصف زرداری نے کہا کہ ’اس سے فرق کیا پڑے گے، میں نہیں ہوں گا تو بلاول ہو گا، بلاول نہیں ہو گا تو آصفہ ہو گی۔‘

زرداری ہاؤس

فریال تالپور کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ میں واقع زرداری ہاؤس میں ہی رکھا جائے گا جسے سب جیل قرار دے دیا گیا ہے

آصف زرداری کی گرفتاری کے بعد پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے بھی کیے جبکہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔

خیال رہے کہ سابق صدر اور ان کی بہن 28 مارچ سے عبوری ضمانت پر تھے جس میں پانچ مرتبہ توسیع کی گئی۔

واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے جعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں ایک اکاؤنٹ سے مشکوک منتقلی کا مقدمہ درج کیا جس کے بعد کئی جعلی اکاؤنٹس سامنے آئے جن سے مشکوک منتقلیاں کی گئیں۔

ایف آئی اے کا دعویٰ ہے کہ ان مشکوک منتقلیوں سے مستفید ہونے والوں میں متحدہ عرب امارات کے نصیر عبداللہ لوطہ گروپ کے سربراہ عبداللہ لوطہ، آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور، اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید، ان کے بیٹے، بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کے داماد ملک زین شامل ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp